23 ستمبر 2013 - 20:30
بحرین: جمعیت وفاق ملی کے دفتر پر حملہ

بحرین میں جمعیت وفاق ملی کے مرکزی دفتر پر توڑ پھوڑ، پٹرول بموں سے حملہ اور دیواروں پر حکومت کی حمایت میں چاکنگ کی گئی ہے۔

ابنا: جمعیت وفاق ملی کے رہنما عبد الجلیل المرزوق نے اس حملے کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت کے مرکزی دفتر پر حملہ ایک خطرناک اقدام ہے اور سرکاری میڈیا پر مختلف حکومتی چہروں کی جانب سے جمعیت وفاق ملی پر الزامات لگانا، دھمکیاں دینا اور اسی دوران مرکزی دفتر پر حملہ کیا جانا یہ ایک ہی سازش کی مختلف کڑیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے جمعیت وفاق ملی کے رہنماوں کے لئے دھمکی اور دہشتگردی کے اقدمات کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت وفاق کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے قومی موقف پر ڈٹی رہے اور ملک میں بنیادی تبدیلیوں کے لئے اس کی کوششیں حقیقت اور سنجیدگی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمارت میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور سرکاری فوجی لباس میں تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جمعیت وفاق ملی کے دفتر پر چند نا معلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا۔

.......

/169