ابنا: شیعہ علماء کونسل کراچی کی جانب سے سانحہ پاراچنار کے خلاف شاہراہ پاکستان پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی میں سیکرٹری جنرل ایس یو سی سندھ علامہ ناظر عباس تقوی، صدر ایس یو سی کراچی علامہ جعفر سبحانی، علامہ غلام محمد کراروی، علامہ ابراہیم کریمی و دیگر علماء شریک تھے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن شہری ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی بالخصوص پارا چنار میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و اسلام دشمن دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے اور ان دہشت گردوں کے مکروہ چہروں کو پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ کراچی سے پارا چنار تک مملکت عزیر پاکستان میں دہشت گردی و قتل و غارتگری کا بازار گرم ہے، ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے مگر حکومت کی کان پر جوں نہیں رینگ رہی ہے۔ آج تک حکومت دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی ہی واضح نہیں کرسکی ہے تو کارروائی کیا خاک کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر وطن عزیز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مخلص ہے تو اسے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صرف سانحات کی مذمت تک ہی محدود نہیں رہنا چاہئیے بلکہ اس کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانا چاہیں، کیونکہ سب کو علم ہے کہ قاتل کون ہے اور کہاں پلتے ہیں۔
.......
/169