2 جولائی 2013 - 19:30
یوم جمعہ، یوم وفا و یکجہتی شہدا ء پاکستان

پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کی جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ 5جولائی کو پاکستان میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔

ابنا: پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس ملک کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے، ٹارگٹ کلنگ اورپرتشدد واقعات کے خلاف 5جولائی کو نماز جمعہ کے بعد پورے پاکستان میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ مجلس وحدت مسلمین نےپانچ جولائی کو”یوم وفا اور یکجہتی شہدا ء پاکستان “منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے اور شمعیں روشن کی جائیں گی۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکر یٹری جنرل مولانا حسن ظفر نقوی نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ملوث دہشت گردوں کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے حکومت اور ریاستی ادارے 71 ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات کے بجائے ان کا خاتمہ کریں۔مولانا حسن ظفر نقوی نے کہا کہ تمام کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد کی جائے اورانھیں کسی بھی نام سے کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔واضح رہے کہ ہزارہ ٹاوٴن کے محلہ علی آباد کے بلخی چوک پر واقع امام بارگاہ ابو طالب میں اتوار30جون کو نماز مغربین کے اختتام پر خودکش حملےمیں خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد شہید اور70 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲