30 جون 2013 - 19:30
مصر میں مظاہرے6افراد ہلاک

مصر میں صدرمحمد مرسی کی صدارت کا ایک سال مکمل ہونے پر ان کی حمایت اور مخالفت میں مظاہرےکل رات بھرجاری رہے۔

ابنا: قاہرہ میں اخوان المسلمون کے ہیڈکوارٹر پر پیٹرول بموں سے حملے کیے گئے۔ مختلف پرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔مصر کا تحریر اسکوائر ایک بار پھر مظاہرین سے بھر گیا ہے۔ ہزاروں افراد نے دارالحکومت قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر ڈیرا ڈال لیا ہے۔ گزشتہ روز شروع ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ رات میں بھی جاری ہے۔ مخالفین کا مطالبہ ہے کہ مصری صدر استعفیٰ دے کر قبل از وقت صدارتی انتخابات کرائیں۔ حزب اختلاف نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔قاہرہ میں مخالفین نے حکمراں جماعت اخوان المسلمین کے ہیڈ کوارٹر پر دستی بموں سے حملہ اور پتھراوٴ کیا۔ دیگر شہروں میں بھی اخوان المسلمون کے دفاتر جلائے گئے ہیں۔حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ قاہرہ ، اسکندریہ اور پورٹ سعید سمیت 20 شہروں میں پھیل گیا ہے۔ دوسری جانب مصری صدر کی حمایت میں بھی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ بعض مقامات پر صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج سب کا جمہوری حق ہے تاہم ہنگامہ آرائی اور جلاوٴ گھیراوٴ برداشت نہیں کیا جائے گا۔......./169