21 جون 2013 - 19:30
پشاور حملے کے خلاف احتجاجی جلوس

پاکستان کے شہر پشاور میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی جائے شہادت پرہونے والے خودکش حملے کے خلاف پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے امام بارگاہ شاہ خراسان تا ایم اے جناح روڈ احتجاجی ریلی نکا لی گئی ۔

ابنا: پاکستانی ذرائع کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کی جانب سے پشاور میں جامعہ عارف حسین الحسینی میں ہونے والے خودکش حملے کے خلاف امام بارگاہ خراسان تا ایم اے جناح روڈ نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خودکش حملہ طالبان سے مذاکرات کی بات کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ زیارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ کی تباہی کے بعد قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی جائے شہادت پر خودکش حملہ دراصل اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ امریکی سرپرستی میں پلنے والے طالبان دہشت گردوں نے پاکستان کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پاکستان کا ہرشہر با لخصوص کوئٹہ ،کراچی اور پشاور استعماری قوتوں کی سازشوں کے نشانے پر ہے جسے شکست دینے کے لئے اتحاد ،اتفاق اور عمل کی ضرورت ہے۔سانحہ پشاور کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئےاِن تین دنوں میں پنجاب سمیت پاکستان بھر میں مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ادھر پشاور سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق پشاوریونیورسٹی روڈ پر بی ڈی ایس کے عملے نے 5کلو وزنی بم کو ناکارہ بنایا تاہم ناکارہ بناتے وقت دھماکہ ہوا جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲