ابنا: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشتگردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیو ایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فی الحال فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔پیپلز چورنگی پر پارٹی کے الیکشن آفس پر دھماکے کے نتیجے میں دو کارکنان کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین نے اسکی شدید مذمت کی ہے۔ اور کہا کہ دہشت گردی کے واقعات اورحملوں کی موجودگی میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے؟ درایں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پیپلزچورنگی پرانتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیوایم کے متعدد کارکنوں وہمدردوں کے ہلاک وزخمی ہونے اور دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے ذمہ داروں اور کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے قتل کے واقعات کے پیش نظر کل ( بدھ) پورے سندھ میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے سندھ بھر کے حق پرست عوام ، تاجروں ، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے مسلسل قتل اوردہشت گردی کے واقعات کے خلاف پرامن احتجاج کریں اور بدھ کو سندھ بھر میں تمام تر کاروبارزندگی بشمول ٹرانسپورٹ معطل کرکے دہشت گردوں پر یہ واضح کردیں کہ ان کے بزدلانہ حملوں کے خلاف پوری قوم مکمل طور پر متحد ہے۔ ادہر کراچی کے علاقے لانڈھی میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیرمین آفاق احمد کے گھر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں انکی جماعت کے چار کارکن ہلاک ہو گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲