19 اپریل 2013 - 19:30
ہم نے حسینیت کا علم اٹھایا ہے خون کے آخری قطرے تک مشن جاری رکھیں گے

ایک بیان میں ترجمان عوامی نیشنل پارٹی سندھ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات صرف ہم پر حملے نہیں بلکہ اس ملک کے جمہوری نظام پر حملے ہیں۔

ابنا: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے پر امن ماحول مہیا کرنا نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے، شدید خطرات کے باوجود اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں کیے ہیں، پوری دنیا کی نظریں پاکستان کے آنے والے انتخابات پر لگی ہوئی ہیں، دہشت گرد ی کے واقعات کی روک تھام ناگزیر ہے، رہنماؤں پر حملوں کے ذریعے ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایک طرف ادارے ہمارے رہنماؤں پر حملوں کے سنگین خطرات سے آگاہ کررہے ہیں اور دوسری طرف ان سے سیکیورٹی بھی واپس لی جارہی ہے، عوامی نیشنل پارٹی کا راستہ روکنے کے لیے ہر ممکن ہتھکنڈا استعمال کیا جارہا ہے۔

باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیہ میں اے این پی سندھ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سنگین ترین خطرات، خدشات و مشکلات کے باوجود قومی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، الیکشن کے لیے مناسب ماحول فراہم نہ کرنا بدترین دھاندلی ہے، صرف عوامی نیشنل پارٹی کو نشانہ بنانا ظلم عظیم اور اس پر اکثر سیاسی و مذہبی قوتوں کی مجرمانہ خاموشی بدترین بے حسی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حسینیت کا علم اٹھایا ہوا ہے خون کے آخری قطرے تک اسلاف کا مشن جاری رکھیں گے، ایک طرف درندوں کو مکمل طور پر آزاد چھوڑ دیا گیا ہے اور دوسری طرف امن کے علمبرداروں کو مختلف طریقوں سے پابند سلاسل کیا جارہا ہے، رہنماؤں کی سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے بیانات صرف اعلانات کی حد تک ہیں اب تک عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رہنماؤں و امیدواران کے تحفط کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، دہشت گردی کے واقعات صرف ہم پر حملے نہیں بلکہ اس ملک کے جمہوری نظام پر حملے ہیں، پارٹی رہنماؤں کے تحفظ کے لیے عملی اقدمات نہ کرنا مجرمانہ فعل ہے، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔

.......

/169