23 مارچ 2013 - 19:30

کوئٹہ: نگران وزیراعلی بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے کہا ہے کہ میری سب سے پہلی ترجیح آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد اور صوبے میں امن و امان کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا۔

ابنا: انہوں نے کہا کہ کابینہ کا اعلان جلد کیا جائے گا اور وزراء کی تعداد 10سے 20ہوسکتی ہے اس بارے میں جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا بلوچستان کے معاملات کے فیصلے اسٹیبلشمنٹ کرتی ہے یہ بات قبل از وقت ہوگی میری بحیثیت نگران وزیراعلی کے اسمبلی کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی میں ان سب کا مشکور ہوں۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کی شام کو گورنر ہاوس میں نگران وزیراعلی کا حلف اٹھانے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ جو دوست ناراض ہیں ان سے رابطہ قائم کیا جائے اور انہیں بھی قومی دھارے میں لایا جائے کیونکہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہم سب کا فرض ہے ااورمل جل کر ہی بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کرپٹ تھی یا نہیں ،اس کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے انتخابات ہونے والے ہیں اسکی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں ہرسیاسی جماعت اپنا منشور لیکر عوام کے پاس جارہی ہے عوام ہی اس کا فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے کس جماعت کو آگے لانا ہے اس لئے کسی کے بارے میں کہنا کہ وہ کرپٹ تھے یا اچھے تھے یہ عوام پر چھوڑ دیا جائے تو بہتر ہوگا۔......./169