4 مارچ 2013 - 20:30

عراق میں صوبائي امور کے وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ بحران بیرونی مداخلت اور بیرونی ملکوں کے داخلی ایجنٹوں سے کام لینے کا نتیجہ ہے۔

ابنا: طورہان المفتی نے فارس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ علاقائی سطح پر ملک میں تشدد پھیلانے کی سازشیں کی جارہی ہیں ، طورہان المفتی نے کہا کہ اس امر کے پیش نظر کہ موجودہ بحران داخلی ایجنٹوں کے بیرونی ملکوں کے اشاروں پر ناچنے کا نتیجہ ہے لہذا ملت عراق کو متحد ہو جانا چاہیئے۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کیا کہ لچک کا مظاہرہ کرکے ملک میں امن و استحکام کو فروغ دیں ۔ واضح رہے عراق کے وزیر خزانہ کے محافظوں کے گرفتار ہونے کے بعد سے عراق میں نیا بحران کھڑا ہوچکا ہے جس کے بہانے ملک کے بعض سّنی علاقوں میں حکومت مخالف مظاہرے ہوئے ہیں ۔ عراقی حکام کا کہنا ہےکہ یہ مظاہرے بیرونی سازشوں کا نتیجہ ہیں اور ان کا مقصد عراق کی عوامی حکومت کو کمزور بنانا ہے۔ عراقی حلقے وزیر خزانہ رافع العیساوی کو دوسرا طارق ہاشمی قراردے رہے ہیں جسے عدالت نے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزام میں پانچ بار موت کی سزا سنائي ہے۔ عراق کے سیاسی حلقوں کا کہنا ہےکہ سعودی عرب ترکی اور قطر، عراقی حکومت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں اور عراق کے ٹکڑے کرنا چاہتےہیں۔