25 فروری 2013 - 20:30

قزاقستان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان آج پہلے دور کے مجوزہ مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق قزاقستان کے شہر الماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات، جو آج دوپہر سے پہلے شروع ہوئے تھے، اختتام پذیر ہوگئےہیں۔ان مذاکرات کے اختتام سے پہلے مذاکرات سے وابستہ ایک سفارت کار نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گروپ پانچ جمع ایک کو مذاکرات میں ایک نئي تجویز پیش کرے گا۔اس سفارت کار نے کہا کہ ایران کی نئي تجویز کا مقصد فریق مقابل کے ایران کے ساتھ ایک جامع راہ حل تک پہنچنے کی کوشش کے دعوے کی صداقت کو پرکھنا ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ کیتھرین ایشٹون کے ترجمان نے کہا ہے کہ امکان ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے یہ مذاکرات کل بھی جاری رہیں ۔ کیتھرین ایشٹون مذاکرات میں گروپ پانچ جمع ایک کی ٹیم کی قیادت کررہی ہیں۔
اس سے پہلے روس میں ہونے والے مذاکرات میں بھی ایران نے گروپ پانچ جمع ایک کو جامع تجویز پیش کی تھی جس کا ابھی تک ایران کو کوئي جواب نہیں ملا ہے۔
دریں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکرٹری سعید جلیلی نے، جو ان مذاکرات میں ایرانی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، کہا ہے کہ اگرگروپ پانچ جمع ایک ایران کے ساتھ مثبت مذاکرات چاہتا ہے تو اس کو چاہئے کہ ایسی تجاویز پیش کرے جن میں ایران کے ایٹمی حقوق کو مد نظر رکھا گیا ہو۔یہ بات انہوں نے مذاکرات شروع ہونے کے موقع پر کہی۔
واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان اب سے پہلے سات دور کے مذاکرات ہوچکے ہیں۔تین بار سوئٹزرلینڈ میں، دو بار ترکی میں اور ایک ایک بار عراق اور روس میں یہ مذاکرات انجام پائے ہیں۔