22 فروری 2013 - 20:30

سپاہ پاسداران کی بری فوج کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ پیغمبر اعظم(ص) فوجی مشقوں کا مقصد کلاسیکل جنگ میں شہری دفاعی اصولوں کی مشقیں کرنا ہے۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق جنرل عبداللہ عراقی نے آج ایران کے جنوبی علاقے میں پیغمبر اعظم(ص) آٹھ فوجی مشقوں کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کلاسیکل جنگ کے دوران شہری دفاع کے اصولوں پر عمل کرنا اور ان کی مشقیں کرنا ہی ان فوجی مشقوں کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے بنائےہوئے اصولوں اور حکمت عملی سے ہر طرح کے حملے کا مقابلہ کرے گا اور دشمنوں کی توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیشہ آمادہ رہنا ایران کی مسلح افواج کا ایک اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی امور کے ماہرین کے مطابق سپاہ پاسداران کی بری فوج نے فوجی توانائیوں کے ارتقاء، آمادگي کی برقراری اور ایرانی ماہرین کے بنائے ہوئے ہتھیاروں کے استعمال کے لحاظ سے کامیاب ترین مشقوں کامظاہرہ کیا ہے۔ پیغمبر اعظم(ص) آٹھ فوجی مشقیں آج سے ایران کے  جنوب میں سیر جان سے بندر عباس کے علاقوں میں شروع ہوئي ہیں اور پچيس فروری تک جاری رہیں گی۔