16 فروری 2013 - 20:30

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء کا ایک مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ کرانی روڈ پر بے گناہ معصوم ہزارہ ملت جعفریہ پر شیطانی خودکش حملہ پاکستانی حکومت کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی سمیت دیگر ضلعی عہدیداران نے کرانی روڈ کوئٹہ پر بے گناہ مظلوم افراد پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور شیطان پرست امریکی و اسرائیلی سمیت دیگر طاغوتی طاقتیں دہشت گردی کے واقعات کی اصل ذمہ دار ہیں، جو مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے میں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں، جن کا پاکستانی حکومت پر مکمل کنڑول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شیطان پرست طاغوتی طاقتیں اللہ کے دین اسلام کی واضح دشمن ہیں۔ افسوس کہ ہمارے حکمران ان اسلام کا لبادہ اوڑھنے والے دہشت گردوں کی سرپرستی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرانی روڈ پر بے گناہ معصوم ہزارہ ملت جعفریہ پر شیطانی خودکش حملہ پاکستانی حکومت کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ہم حکومت سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج براہ راست دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے پاکستان میں عوام کے جان و مال کو محفوظ بنائے۔ انہوں نے کوئٹہ کے عوام اور بالخصوص ہزارہ ملت جعفریہ کے افراد سے پرامن رہنے کی پرزور اپیل کی۔ انہوں نے پاکستان کی تمام باشعور سیاسی، مذہبی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر آواز بلند کرکے عوام میں ان دہشت گردوں کو رسوا کریں اور بھائی چارے کو قائم کریں، کیونکہ یہ پاکستانی عوام کی بقاء کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والے احمق ہیں۔ اگر پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی تنظیموں نے ان شیطان پرست دہشت گردوں کے خلاف مضبوط اور واضح موقف نہ اپنایا تو پاکستان کو تباہی سے کوئی بچا نہیں سکے گا۔

.......

/169