ابنا: رپورٹ کے مطابق مغربی ملکوں نے ، کوشش کی کہ سلامتی کونسل ایک قرار داد پاس کردے جس کی رو سے شام کی حکومت کے خلاف جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت آئی سی سی میں مقدمہ چلایا جائے۔اس اجلاس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر ناوی پلائی نے شام میں انسانی حقوق کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔اجلاس کے بعد سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین مسعود خان نے جن کا تعلق پاکستان سے ہے، بتایا کہ مغرب کی اس تجویز کی اکثر اراکین نے مخالفت کی ہے اور یہ قرار داد منظور نہیں ہوسکی ہے۔ روس کے نمائندے ویتالی چورکین نے اجلاس کے بعد کہا کہ روس مغرب کی اس تجویز کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس قسم کی قرارداد کی منظوری مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کا مقصد شام کے بحران کے سیاسی اور پر امن حل کی کوششوں کو متاثر کرنا اور انہیں ناکام بنانا ہے جس کی کسی بھی حال میں حمایت نہیں کی جاسکتی۔قابل ذکر ہے کہ مغربی ملکوں نے اس سے پہلے کئی بار کوشش کی ہے کہ شام میں فوجی مداخلت کی قرارداد سلامتی کونسل سے منظور کروا لیں جس میں انہیں روس اور چین کی کھلی مخالفت کے سبب ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب انہوں نے کوشش کی ہے کہ شام کا مسئلہ جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت آئی سی سی کے حوالے کردیا جائے۔ چونکہ شام نے آئی سی سی کے منشور پر دستخط نہیں کئے ہیں ، اس لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے ہی شام کا مسئلہ جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت میں بھیجا جاسکتا ہے۔ لیکن مغربی ملکوں کو سلامتی کونسل میں اس کوشش میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔رپورٹیں بتاتی ہیں کہ اس قرار داد کی مخالفت صرف روس اور چین تک ہی محدود نہیں رہی ہے بلکہ اجلاس کے بعد سلامتی کونسل کے مستقل اراکین میں صرف فرانس اور برطانیہ اور غیر مستقل اراکین میں، آسٹریلیا، لکزمبرگ اور جنوبی کوریا کے نمائندوں نے ہی مشترکہ بیان جاری کرکے اس قرار داد کے منظور نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سلامتی کونسل میں اس نظریئے کے طرفداروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے کہ شام کے بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور فوجی کاروائی سے یہ بحران حل ہونے کے بعد وسیع تر ہوکے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110
19 جنوری 2013 - 20:30
News ID: 383183
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام کے حوالے سے مغربی ملکوں کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے؛ جمعہ کی رات شام کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔