25 دسمبر 2012 - 20:30

افغانستان میں طالبان نے امریکہ کے بگرام ایئر بیس پر حملہ کیا ہے۔

ابنا: طالبان نے امریکہ کے بگرام ایئربیس پردو میزائل داغے۔ اس حملے سے ہونے والے ممکنہ جانی اور مالی نقصان کی کوئي اطلاع نہیں ہے۔ بگرام ایئربیس دارالحکومت کابل سے ساٹھ کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےدعوی کیا ہے کہ صوبۂ لوگر میں چار امریکی فوجی ایک حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے آج بتایا کہ کل شام صوبۂ لوگر کے علاقے اللہ داد خیل میں امریکی فوجیوں کا ایک ٹینک تباہ کردیاگيا جس کے نتیجے میں چار امریکی فوجی ہلا ک ہوگئے۔دوسری جانب افغانستان کے فوجی ذرائع نے 25طالبان کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ۔افغانستان کی فوج کے ایک کمانڈر عبدالحمید نے بتایاکہ ملک کے جنوبی صوبے قندھار میں سیکورٹی فورسز کی کارروائي میں طالبان گروہ کے  25 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق عبدالحمید نے آج نامہ نگاروں کو بتایا کہ مارے گئے ان افراد کو پاکستانی طالبان کی طرف سے صوبۂ قندھار کے بعض علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائياں انجام دینے کی ہدایات ملی تھیں۔اطلاعات کے مطابق افغان سیکورٹی فورسز کی کارروائي میں متعدد طالبان کو گرفتار بھی کرلیا گيا ہے۔قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں نیٹو اور امریکی افواج کی موجودگي کے باوجود، جو امن کے قیام اور دہشت گردی سے مقابلے کے بہانے افغانستان آئي تھیں، نہ صرف یہ کہ افغانستان میں امن و امان قائم نہیں ہوا ہے بلکہ وہاں حملوں اور پر تشدد واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

.......

/169