ابنا: گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان شہزاد شگری کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کو ہزارہ ڈویژن کے کمشنر نے ایک خط بھیجا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ شاہراہ قراقرم سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کو کانوائے کی شکل میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک صوبہ خیبر پختونخواہ کی حدود سے پار کروایا جائیگا اور شاہراہ قراقرم پر گزرنے والی پرائیویٹ گاڑیوں کو نہیں روکا جائیگا کمشنر ہزارہ ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ پرائیویٹ گاڑیاں اکیلے سفر سے گریز کریں اور کانوائے میں ہی سفر کریں خصوصا رات کے اوقات میں بالکل سفر نہ کیا جائے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں گلگت بلتستان کی حکومت نے اپنی حکمت عملی مرتب کرلی ہے اور شاہراہ قراقرم پر مسافروں کی حفاظت کیلئے قائم کی جانے والی قراقرم ٹاسک فورس کو اضافی گاڑیاں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت سے راولپنڈی جانے والی تمام مسافر بسوں کو کانوائے کی شکل میں بسری تک پہنچایا جائیگا اور انہیں بحفاظت خیبر پختونخواہ فورسز کے حوالے کیا جائیگا اور راولپنڈی سے گلگت آنے والی مسافر بسوں کو کانوائے کی شکل میں ہی لایا جائیگا۔
.......
/169