3 اگست 2012 - 19:30

ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق کا تحفظ کیا جائے گا اور اس پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

ابنا: ایوان صدر میں صدر زرداری کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، چوہدری شجاعت حسین، حاجی عدیل، سینیٹر افراسیاب خٹک، فاروق ستار، بابر غوری، عباس آفریدی، منیر اورکزئی، حمید اللہ جان آفریدی کے علاوہ قمر زمان کائرہ نے بھی شرکت کی۔ ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق کا تحفظ کیا جائے گا اور اس پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت قانون سازی کا حق صرف اور صرف منتخب نمائندوں کے پاس ہے۔ موجودہ صورتحال میں متحد اور مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابھرتے ہوئے چیلنجز کا سامنا اتحاد، طاقت اور عزم کے ساتھ کیا جائیگا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں کراچی میں بھتہ خوری کیخلاف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی وابستگی کی پروا کئے بغیر بھتہ خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران صدر زرداری کافی مطمئن دکھائی دیئے۔ اتحادیوں نے ان سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے متعدد سوالات کئے مگر ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد ہی کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران صدر زرداری نے اتحادیوں کو توہین عدالت قانون کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

.......

/169