5 جون 2012 - 19:30

قم کے گورنر نے نجف اشرف میں آیت اللہ العظمی سیستانی اور نجف کے گورنر سے ملاقات کی۔ گورنر نجف کے ساتھ ملاقات میں عالم تشیع کے دو دارالحکومتوں "نجف اشرف اور قم المقدس" کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق قم کے گورنر حجت الاسلام و المسلمین محمد حسین موسی پور مقدس شہر قم کے تاجروں اور صنعتکاروں کے ایک وفد کے ہمراہ نجف اشرف کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمی سید علی الحسینی السیستانی اور نجف کے گورنر عدنان الزرفی سے ملاقات کی ہے۔ ان ملاقاتوں میں قم اور نجف کے درمیان معاشی اور علمی و ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کی گئی۔ جناب موسی پور نے گورنر نجف سے بات چیت کرتے ہوئے دو صوبوں "نجف اور قم" کے درمیان موجودہ مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مملکت عراق اور خاص طور پر صوبہ نجف اشرف ہمارے نزدیک معیشت و صنعت نیز زیارت و سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے ترجیحی اہمیت کا حامل ہے۔انھوں نے کہا: عراق صوبہ قم کی مصنوعات کی مارکیٹ ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس طرح کے دوطرفہ دورے قم اور عراق کے درمیان تعاون میں زیادہ سے زیادہ فروغ کا موجب بنیں۔ صوبہ نجف کے گورنر عدنان الزرفی نے اس ملاقات میں مہمان وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا: نجف کے عوام قم کو اپنا دوسرا وطن سمجھتے ہیں اور دو صوبوں کے درمیان تعلقات و تعاون کے فروغ سے بہت خوش ہیں۔ صوبہ قم کے گورنر نے دورہ نجف کے دوران مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمی سید علی الحسینی السیستانی سے ملاقات اور بات چیت کی۔آیت اللہ العظمی سیستانی نے اس ملاقات میں شہر قم کی تعمیر و ترقی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: مجھے شہر قم کی تعمیر و ترقی کا علم ہے اور مجھے بہت خوشی ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔/110