3 جون 2012 - 19:30

علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ گلگت اور بلتستان کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں شیعہ افراد کا قتل عام کیا جا رہا ہے حکومت ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے۔ ملک میں لاقانونیت عام ہے، قانون نام کی کوئی چیز نہیں، دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات حکومت کیلئے چیلنج بن چکے ہیں، حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

ابنا: ان خیالات کا اظہار علامہ سید ساجد علی نقوی نے چنیوٹ میں شہزاد مہدی کی رہائش گاہ پر ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت اور بلتستان کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں شیعہ افراد کا قتل عام کیا جا رہا ہے، حکومت ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پر حملے کے مترادف ہیں، ہم امریکی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، نیٹو سپلائی کا معاملہ حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ ملک میں ہر طرف رشوت کا بازار گرم ہے، مہنگائی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں جاری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ فاقہ کشی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی طر ف سے پیش کیا گیا بجٹ الفاظ کا ہیر پھیر ہے۔ بجٹ میں غریبوں کے لئے کوئی خاص پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا، ایسے بجٹ ماضی میں بھی پیش ہوتے رہے، اب بھی ماضی کی روایت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ اس سے غربت کی شرح میں اضافہ ہو گا اور معاشرے میں دہشتگردی اور جرائم بڑھیں گے، حکومت اگر ملک و قوم سے مخلص ہے تو مہنگائی کو کنٹرول کرئے اور ملک کی معاشی حالت بہتر بنائے۔

 اس موقع پر صوبائی صدر مظہر حسین علوی، ڈویژنل صدر حاجی سید محمد رضا شاہ، ضلعی صدر سید علی عمران شاہ کے علاوہ ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات سید مرتضیٰ زیدی اور علامہ واجد علی نقوی بھی موجود تھے۔

.......

/169