29 مئی 2012 - 19:30

شام کے وزیرخارجہ ولید معلم نے کہا ہے کہ دمشق اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے چھے نکاتی منصوبے پر کاربند ہے۔

ابنا: العالم کی رپورٹ کے مطابق ولید معلم نے شام کے بارے میں اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے نمائندے کوفی عنان سے ملاقات میں کہا ہےکہ حکومت دمشق چھے نکاتی منصوبے پر عمل درامد کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے اور ہر اس اقدام کا مقابلہ کرے گي جو کوفی عنان کی تجویز کو ناکام بنانے کی غرض سے انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کوفی عنان سے کہا کہ شام میں اپنی تجویز کو کامیاب بنانے کی کوشش جاری رکھیں اور اس سلسلے میں عالمی سطح پرمذاکرات کرانے کی کوشش کریں۔انہوں نے دہشتگردوں کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے حامی ملکوں سے بات چیت کرکے اپنی تجویز کو ناکام ہونے سے بچالیں ادھر شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہےکہ صوبہ حمص کے الحولہ علاقے میں عوام کے قتل عام میں دہشتگرد ملوث ہیں۔ المنار کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کو ایک خط بھیج کر کہا ہےکہ حکومت دمشق الحولۃ کے قتل عام میں ملوث افراد کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچائے گي۔ اس خط میں کہا گيا ہے کہ بیرونی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشتگرد شام کے عوام کا قتل عام کررہے ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے بشار جعفری نے شام میں بے گناہ افراد کے قتل عام کے بارے میں سلامتی کونسل کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل نے شام میں اقوام متحدہ کے مبصرین کے سربراہ رابرٹ موڈ کے بیان کی غلط وضاحت کی ہے۔ یاد رہے امریکہ اور اسکے عرب اتحادیوں کےحامی دہشتگردوں نےجمعے کی رات کو الحولہ شہر میں عوام کے گھروں میں آگ لگادی تھی جس میں ایک سو چودہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جان بحق ہونے والوں میں بتیس بچے بھی شامل ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔

/110