14 مئی 2012 - 19:30

پاکستانی عوام نے ایک بار پھر صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینی عوام پر روا رکھے جانے والے مظالم کی مذمت کی ہے۔ پاکستانی عوام نے کل ساحلی شہر کراچی میں جلوس نکال کر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھاۓ جانے والے مظالم کی مذمت کی۔

ابنا: مظاہرین نے صہیونی ریاست اور امریکہ سمیت اس کے حامیوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا اور مردہ باد امریکہ اور مردہ باد اسرائيل کے نعرے لگاۓ۔ مظاہرین نے مسلمانوں خصوصا فلسطینیوں کے خلاف امریکہ ، صہیونی ریاست اور برطانیہ کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوۓ ان ممالک کے پرچم بھی جلاۓ اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان مظاہروں میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ اسکول ، کالج اور یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

مظاہرین نے ایک بیان جاری کر کے صہیونی ریاست اور امریکہ کو پاکستان میں دہشتگردوں کی موجودگی اور ملک میں سیاسی ، سماجی ، اقتصادی ، اخلاقی اور ثقافتی بحرانوں کا سبب قرار دیا۔ اس بیان میں اس بات پر زور دیا گيا ہے کہ اسرائیلی جاسوس ایک خفیہ جنگ کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے مسلمان عوام ان کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوۓ ملک اور دین کے دشمنوں کے خلاف اتحاد کے خواہاں ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پاکستانی عوام خصوصا اسٹوڈنٹس نے وسیع پیمانے پر مظاہرے کر کے صہیونی ریاست کے مظالم کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ اس حکومت اور امریکہ کو اپنے ملک کی سیاسی اور سیکورٹی مشکلات کا سبب قرار دیا ہو۔ پاکستانی عوام اور سیاسی جماعتوں کے نزدیک پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات اور فرقہ وارانہ جھڑپوں میں امریکہ اور صہیونی ریاست ہی ملوث ہوتے ہیں۔ اور وہ پاکستان میں مختلف فرقوں کی موجودگی سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوۓ سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی جیسے دہشتگرد اور انتہاپسند گروہوں کو استعمال کر کے پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیں۔

اسی لۓ پاکستانی عوام نے ہمیشہ جنوبی ایشیا کے خطے میں صہیونی ریاست کی موجودگی کے منفی نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے اور صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے والے خطے کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کر کے خطے میں اس حکومت کی موجودگی کے سدراہ ہوں۔ صہیونی ریاست چونکہ اسلامی ممالک اور مسلمانوں کے باہمی اتحاد سے خوف محسوس کرتی ہے اور اسے اپنی بقاء کے لۓ خطرہ جانتی ہے خاص کر اس بات کے پیش نظر کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت بھی ہے اس لۓ وہ مسلمانوں خاص کر پاکستان کے مسلمانوں کے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دینے کی بہت کوشش کرتی ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مسلمانوں اور فلسطینیوں پر روا رکھے جانے والے صہیونی ریاست کے مظالم کی مذمت سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ دنیا کے لوگوں نے فلسطینیوں کا ساتھ چھوڑا نہیں ہے اور وہ فلسطینی مسلمانوں کے اہداف کے دفاع اور صہیونیوں کی مذمت کے لۓ ہمیشہ میدان میں موجود ہوتے ہیں۔ اس سے خطے کی حکومتوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہۓ کہ عوام صہیونی ریاست کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور وہ اس ناجائز حکومت کے وجود کے ہی خلاف ہیں اور صہیونی ریاست کے ساتھ برقرار کۓ جانے والے ہر طرح کے تعلقات کے غیر متوقع منفی نتائج برآمد ہوں گے۔.......

/169