ابنا: کل پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کے اسپیکر کرامت اللہ نے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علی لاریجانی نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو دونوں ممالک کی ملتوں کی تاریخی اور گہری دوستی پر استوار قرار دیا اور کہا کہ حالیہ برسوں میں خطے میں پیدا شدہ متعدد بحرانوں اور مشکلات کے باوجود ایران اور پاکستان کے حکام اور رہنماؤں کی دانشمندی کی بدولت دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں ہمیشہ توسیع ہی آئي ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کےاسپیکر نے ایران سے پاکستان تک گیس پائپ لائن بچھاۓ جانے سے متعلق تہران اور اسلام آباد کے درمیان ہونے والے سمجھوتے پر عملدرآمد کو بھی بہت اہم قرار دیا۔
پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کے اسپیکر کرامت اللہ نے بھی اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کی ملتوں کے تاریخی ، ثقافتی اور دینی مشترکات کو بیان کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستان کے حکام اور عوام اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع کے خواہاں ہیں۔........ /169