اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا – کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری حجت الاسلام عباس جعفری نے "فروغ ولایت" کے روسی ترجمہ کی اشاعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "حضرت امام علی بن ابی طالب (ع) کی ولایت کے موضوع کا شمار ان مسائل میں ہوتا ہے جن پر شیعہ اور سنی دانشوروں کی طرف سے اب تک بے شمار تالیفات اور تحقیقات دیکھنے میں آئی ہیں۔ شیعہ مذہب کے درست اعتقاد کے مطابق پیامبر اکرم محمد بن عبداللہ (ص) نے حکم الہی کی تعمیل فرماتے ہوئے غدیر خم اور دیگر موقعوں پر مسلمانوں کے درمیان حضرت علی بن ابی طالب (ع) کو امام اور اپنے وصی و جانشین کے طور پر روشناس کیا۔ اسلامی منابع (قرآن و حدیث) میں اس حقیقت کا ذکر پوری تفصیل کے ساتھ ہوا ہے۔ "فروغ ولایت" کا شمار حضرت آیت اللہ جعفر سبحانی (دام ظلہ) کی اہم ترین تالیفات میں ہوتا ہے۔ یہ کتاب اب تک کئی بار فارسی اور عربی زبانوں میں چھپ کر منظر عام پر آچکی ہے۔"انہوں نے مزید کہا: "یہ کتاب چھ حصوں پر مشتمل ہے جس کے اہم ترین موضوعات میں امام علی (ع) کی زندگی پیغمبر (ص) کی بعثت سے پہلے؛ امام (ع) کی زندگی بعثت کے بعد؛ پہلا اسلام لانے والا؛ لیلۃ المبیت میں امام علی (ع) کی عظیم قربانی [رسول اللہ (ص) کے بستر مبارک میں سونا]؛ پیغمبر (ص) کی ہجرت کے بعد امام علی (ع) کی زندگی؛ جنگ اور جہاد کے میدانوں میں امام (ع) کی جانثاری؛ وحی الہی (قرآن مجید) کی تحریر و کتابت؛ امام علی (ع) پیغمبر (ص) کے بھائی ہیں؛ پیغمبر (ص) کے داماد ہونے کا اعزاز اور حضرت فاطمہ (س) سے شادی؛ احد اور خیبر کی جنگوں میں جانثاری کے نمونے؛ غدیر کے موقع پر اسلام اور مسلمانوں کے مستقبل سے متعلق پیغمبر (ص) کا لائحہ عمل؛ پیغمبر (ص) کی جانسوز رحلت کے بعد امیر المؤمنین (ع) کی زندگی؛ مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور (امام علی کی) معنی خیز خاموشی؛ حضرت علی (ع) سے بیعت لینے اور دختر رسول (س) کے گھر پر دھاوا بولنے کی داستاں؛ فدک اور اسے چھیننے کی روداد؛ عمر بن خطاب کی مجلس شورا اور اس کا تجزیہ و تحلیل؛ تیسرے خلیفہ پر لوگوں کے ہلہ بولنے اور حضرت علی(ع) کی حکمت عملی کی کہانی؛ عثمان کے قتل اور حضرت علی (ع) سےبیعت لینےکا تقاضا؛ امام علی (ع)کی مخالفت کرنے کے اسباب؛ بیت المال کی تقسیم اور تقسیم کی روش کے بعد امام علی (ع) کا خطبہ؛ معاویہ بن ابی سفیان کی معزولی؛ معاویہ اور خلافت کی دیرینہ خواہش!؛ جمل کے موقع پروعدہ خلافی کرنے والوں (ناکثین) سے مبارزت؛ امام علی (ع) کے لشکرکی بے مثال بہادری کے نمونے اور اہل جمل کی شکست کا واقعہ؛ کوفہ:اسلامی خلافت کا مرکز؛ مسجد کوفہ میں امام علی (ع) کا لوگوں سے خطاب؛ جنگ صفین (قاسطین) کے اسباب؛ معاویہ اور اس کے لشکریوں کے غیر انسانی اور شرارت آمیز اقدامات؛ امام علی (ع) کی اتمام حجت اور جنگ کا آغاز؛ عمار بن یاسر (ع) کی شہادت؛ فئہ الباغیہ (ستمگر گروہ) کا آشکار ہونا!؛ صلح کا مسئلہ اور حکومت کی شروعات!؛ امام (ع) اور ان کے سپاہیوں کی کوفہ بازگشت؛ "لا حکم الا اللہ" کا نعرہ بلند کرنے والے خوارج (مارقین) کی سازش!؛ خوارج کو براہ راست ہدایت کرنے سے متعلق امام علی (ع) اور ان کے طرفداروں کی کوششیں؛ نہروان کی جنگ اور منحرف خوارج کی شکست فاش؛ نا امنی کی فضا اور ضحاک بن قیس کی خوفناک قتل و غارتگری؛ بسر بن ارطاہ اور سفیان بن عوف؛ امام علی (ع) کی جانب سے محمد بن ابوبکر (رضی اللہ تعالی عنہ) کی مصر میں تقرری اور ان کی شہادت؛ کوفہ میں امام علی (ع) کا آخری خطبہ اور محراب میں شہادت وغیرہ جیسے موضوعات شامل ہیں۔ حجت الاسلام جعفری نے یاد دہانی کرائی: موضوع کی اہمیت کے پیش نظر اور ادارہ کے شعبہ ترجمہ کی سفارش پر کتاب کا روسی ترجمہ پانچ ہزار نسخوں کی صورت میں شائقین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے۔ کتاب کے مترجم جناب سرور یحی اوف ہیں۔ اہل ذوق اس کتاب کے برقی متن اور ادارے کے دیگر منشورات کے حصول کے لئے www.ahlulbaytportal.com سے رجوع کرسکتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔
/110