ابنا: جمعیت الوفاق نے کہا ہے کہ ملت بحرین موجودہ صورتحال میں بنیادی تبدیلیوں اور حقیقی اصلاحات کی خواہاں ہے اور آئين میں ترمیموں سے عوام کے مطالبات پورے نہیں ہونگے۔ بحرین کے آئين میں مجوزہ اصلاحات کا مسودہ اگلے ہفتے بادشاہ کو پیش کیا جائے گا۔
اس گروہ نے ملت بحرین کے انقلاب کے تعلق سے عالمی اداروں کی دوہرے پالیسیوں کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ آل خلیفہ کے حکام اصلاحات اور بامعنی مذاکرات کے مخالف ہیں۔
ادھر بحرین کے ایک اور انقلابی رہنما علی فائز نے کہا ہے کہ امریکہ بحرین میں حکومت کی تبدیلی اور اصلاحات کے حق میں نہیں ہے۔ علی فائز نے العالم سے گفتگو میں کہا کہ آل خلیفہ کی حکومت امریکی مفادات کے لئے کام کررہی ہے لھذا امریکہ ایسی خدمت گذار حکومت کو تبدیل کرنے کے حق میں ہرگز نہیں ہے اور واشنگٹن آل خلیفہ کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ کی حکومت امریکہ کی حمایت ہی سے انقلابیوں پر تشدد ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے آل خلیفہ کے بڑھتے ہوئے تشدد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تشدد کے جاری رہنے سے معلوم ہوتا ہے کہ منامہ حکومت کو امریکہ کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف تحریک چلارہی ہے۔ .......
/169