17 مارچ 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے ہفتے کو دمشق میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ان دھشت گردانہ دھماکوں کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو دہشتگردوں کو ہتھیار فراہم کررہے ہیں۔

ابنا: مہمان پرست نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد قومی مذاکرات اور اصلاحات نیز ملک میں قیام امن اور استحکام کو روکنا ہے۔ دمشق میں گذشتہ روز تین کار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں ستائيس افراد جان بحق اور ایک سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مہمان پرست نے ان دہشتگردانہ بم دھماکوں کو ملت شام سے انتقامی کاروائياں قراردیا جو اپنی حکومت کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی میں متاثر ہونے والے خاندانوں اور حکومت شام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ شام میں امریکہ، اسکے مغربی اور عرب اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگرد سرگرم عمل ہیں۔ ادھر لبنان یونیورسٹی کے ایک پروفیسر اور تجزیہ نگار محسن صالح نے کہا ہے کہ مغرب اور اسکے اتحادی شام میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات کے ذمہ دار ہیں۔ محسن صالح نے پریس ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ان حملوں سے سعودی عرب اور قطر اور امریکہ جیسے ملکوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے جو شام میں سرگرم عمل دہشتگردوں کی فوجی اور مالی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے عرب اتحادی شام میں اپنے مذموم مقاصد کے درپئے ہیں اور انہیں بے گناہ عوام کی کوئي فکر نہیں ہے۔ ادھر پریس ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ ایک اعلی رتبہ عرب سفارتکار نے نام نہ بتائےجانے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا ہے کہ سعودی عرب شام کے باغیوں کے لئے ہتھیاروں سے بھرا ہوا جہاز اردن کی طرف بھیج رہا ہے۔ ....... /169