7 مارچ 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریۂ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے ترکی کے وزیر قانون سعداللہ ارگين کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکو کے تعاون کو علاقے کے موجودہ حالات اور بہت سے مسائل کے حل میں مؤثر اور مفید قرار دیا ہے۔

ابنا: ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کے روز ترکی کے وزیر قانون سعداللہ ارگين کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایران اور ترکی کے تعلقات صرف ہمسائیگي کی بنیاد پر نہیں ہیں بلکہ ہمدردی اور مشترکہ دینی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی دونوں کو موجود صلاحیت اور مواقع سے دو طرفہ ، علاقائي اور بین الاقوامی تعاون میں فروغ کے لئے استفادہ کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اغیار کو اس بات کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے کہ وہ عالم اسلام کو نقصان پہنچانے کے لئے علاقے کے تغیرات سے فائدہ اٹھا سکیں کہا کہ بین الاقوامی طاقتیں مختلف سیاسی ، اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں امت مسلمہ کی طاقت و توانائي میں اضافہ سے خوف زدہ ہیں۔اس ملاقات میں ترکی کے وزیر قانون سعداللہ ارگين نے ایران اور ترکی کو علاقے کے دو عظیم ملک قراردیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کا تعاون علاقے کے امن و امان کا ضامن ہوگا۔....... /169