17 فروری 2012 - 20:30

امریکہ کو ایران سے پاکستان گیس منتقل کرنے کیلۓ گیس پائپ لائن بچھائے جانے کے عمل میں جاری پیشرفت پر گہری تشویش لاحق ہے۔

ابنا: امریکی خارجہ ترجمان وکٹوریہ نولند نے پاکستان کے داخلی امور میں ایکبار پھر مداخلت کرتے ہوئے اسلام آباد سے کہا ہے کہ وہ ایران پاک گیس منتقلی کے کئی ارب ڈالر کے اس پروجیکٹ سے دستبردار ہوجاۓ جو 2014 تک مکمل ہونے والا ہے۔

اس ترجمان کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ پاکستان کی وزیر خارجہ حنا رّبانی کھر نے کل دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان اور افغانستان کے تیسرے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر تاکید کے ساتھہ کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ اور غیر قانونی پابندیوں میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا۔

پاکستان کی وزیر خارجہ نے اس نکتے پر زور دیتے ہوۓ کہ ان کے ملک کو توانائی کی شدید قّلت کا سامنا ہے کہا کہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلۓ اسلام آباد کے عزم و ارادے پر بیرونی عناصر اثر انداز نہیں ہوسکتے اور ہم ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں پر عمل کرنے کے پابند نہیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ضرورت کی بناء پر ہر ممکن طریقے سے انرجی فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے اور ایران کی گیس پائپ لائن ایک ایسا منصوبہ ہے جو اسلام آباد کی ترجیحات میں شامل ہے۔

امریکہ نے بارہا پاکستان سے گیس پائپ لائن کے اس منصوبے پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کی مگر ہمیشہ اسے پاکستان کے منفی رّد عمل کا سامنا کرنا پڑا۔ایران کے ساتھہ تجارتی لین دین کم کرنے کیلۓ امریکی دباؤ کے باوجود پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے مراحل پورے کرنے کے علاوہ ایران سے یومیہ ایک ہزار میگا واٹ بجلی درآمد کرنے کے سمجھوتے کو حتمی شکل دینے پر بھی غور کررہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام نے بھی بارہا اعلان کیا ہے کہ ایران پاکستان گيس منتقلی کے پروجیکٹ کو مقررہ وقت سے قبل ہی پایۂ تکمیل تک پہنچانے کیلۓ آمادہ ہے۔

امریکہ جو اب دنیا میں بالکل الگ تھلگ پڑ گیا ہے مقبوضہ فلسطین کی غاصب صہیونی ریاست کی خوشامد اور اسے سکیورٹی فراہم کرنے کیلۓ مسلسل تہران کے خلاف سازشیں اور دنیا کے مختلف ملکوں کے ساتھہ ایران کے تعلقات متاثر کرنے کی کوششیں کررہا ہے مگر ابتک اسے صرف شکست کا ہی سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران گذشتہ 33 برسوں سے ترقی و پیشرفت کی منازل طے کررہا ہے اور اس نے مختلف شعبوں خاص طور سے سائنس و ٹیکنا لوجی اور جوہری شعبے میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہیں یہی وجہ ہے کہ امریکی اور مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت بوکھلائی ہوئی ہیں۔
........

/169