3 فروری 2012 - 20:30

صدر مملکت جناب ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام شکست سے دوچار ہوکر ر ہے گا۔

ابنا: ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر امام خمینی کی امنگوں کے ساتھ تجدید عہد کی تقریب میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج سرمایہ دارانہ نظام کی بنیادیں متزلزل ہو رہی ہیں، کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے قول کے مطابق مارکس ازم تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور مستقبل قریب میں سرمایہ دارانہ نظام اور لبرل ازم کے نظریات بھی تاریخ کا حصہ بن جائيں گے۔صدر احمدی نژاد نے اس بات کا ذکر کیا کہ عشرۂ فجر امام خمینی ، آپ کے افکار اور آپ کی عظیم امنگوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی دنیا کے تمام مظلوموں اور مستضعفین کے ہمدرد اور تمام ظالموں اور ظلم و ستم کے خلاف تھے اور آپ نے دنیا کے حالات کے بارے میں صحیح پیشین گوئي کرتے ہوئے اسلامی انقلاب کوانبیاء کی تحریک کا حصہ اور عالمی حکومت کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ آج دنیا کے انصاف پسند اور حریت پسند لوگوں کے نعروں میں امام خمینی کا نام اور آپ کے افکار نمایاں ہیں، کہا کہ در حقیقت مغرب والے مکمل طور سے ایک بند گلی میں پہنچ گئے ہیں اور ان کی منطق میں، جو زور زبردستی کی منطق ہے ، اب کوئي جان اور کشش نہیں ہے۔
........ 
/169