6 جنوری 2012 - 20:30

ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں پولیس نے ایک سرکاری عمارت پر پاکستان کا پرچم لہرانے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق ہندو شدت پسند تنظیم شری رام سینا سے بتایا گیا ہے۔

ابنا: ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں پولیس نے ایک سرکاری عمارت پر پاکستان کا پرچم لہرانے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق ہندو قوم پرست تنظیم شری رام سینا سے بتایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان لوگوں نے نئے سال کے موقع پر بیجاپور ضلع میں سندھگی کے تحصیلدار کے دفتر پر پاکستان کا پرچم بلند کیا تھا تاکہ لوگ یہ سمجھیں کہ یہ مسلمانوں کا کام ہے اور علاقے میں مذہب کی بنیاد پر کشیدگی پیدا ہوجائے۔

اخباری اطلاعات کے مطابق بیجاپور کے پولیس سربراہ ڈی سی راجپا نے گرفتاریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا خیال تھا کہ مذہبی کشیدگی سے ان کی تنظیم کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔

اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق شری رام سینا کے سربراہ پرمود متھالک کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے نوجوانوں کا ان کی تنظیم سے تعلق نہیں ہے اور وہ قصوروار افراد کا پتہ لگانے کے لیے اپنے طور پر تفتیش کریں گے۔گرفتار کیے جانے والے افراد کالج کے طالب علم بتائے گئے ہیں اور ان کی عمریں اٹھارہ سے بیس برس کے درمیان ہیں۔ ساتویں ملزم کی تلاش جاری ہے۔........ /169