ابنا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کویت میں وزیراعظم محمد الاحمد الصباح اور ان کی کابینہ کے مستعفی ہونے کے 24 گھنٹے بعد اپوزیشن کی طرف سے نکالی گئی ریلی میں 90 ہزار افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین ریلی کے دوران مطالبہ کر رہے تھے کہ کابینہ کا استعفیٰ ناکافی ہے۔ پارلیمنٹ کو تحلیل کر کے کرپٹ ممبران پارلیمنٹ کو عوامی عدالت میں لایا جائے۔ اپوزیشن رکن پارلیمنٹ چمان الحرباش نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کویتی عوام نے آج کرپشن کیخلاف عظیم فتح حاصل کی ہے۔ ہم وزیراعظم اور 15 وزراء کی کرپشن کیخلاف عدالت میں مقدمہ دائر کرینگے۔ اگر نئے وزیراعظم نے بھی کرپشن کی روک تھام نہ کی تو اس کا بھی محاسبہ کیا جائے گا۔ کویتی اسپیکر نے امیر کویت سے ملاقات کی اور الصباح فیملی کے ممبران پارلیمنٹ کے درمیان باہمی چپقلش کے خاتمہ میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ آزاد ممبر پارلیمنٹ سیف الصباقی نے امیر کویت سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ حکمران خاندان کے درمیان باہمی جھگڑے کویت کی سالمیت کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔
/110