23 اکتوبر 2011 - 20:30

یمن کے ڈکٹیٹر علی عبداللہ صالح کے حامی فوجیوں نے یمن کے جنوبی شہر تعز کے کئي علاقوں پر حملے کئے ہیں۔

ابنا: العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈکٹیٹر علی عبداللہ صالح کے حامی فوجیوں نے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے الروضہ ، میدان الحریہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں پر حملے کئے جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان حملوں سے عمارتوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ دارالحکومت صنعا کے الحصبہ علاقے میں علی عبداللہ صالح کی حامی اور مخالف فورسز میں جھڑپیں جاری ہیں اور ان جھڑپوں میں بارہ افراد کے مارے جانے خبر ہے۔ دوسری جانب انقلاب کی حامی فورسز نے کہا ہے کہ ایک آڈیو کیسٹ برآمد ہوئي ہے جس میں علی عبداللہ صالح نے ایک ٹیلی فونی بات چیت میں اپنے بیٹے احمد کو مخالفین کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈکٹیٹر علی عبداللہ صالح نے یہ حکم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس قرارداد کی منظوری کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعد دیا ہے جس میں ڈکٹیٹر صالح سے اقتدار کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کرنے کو کہا گيا ہے۔ سلامتی کونسل نے ڈکٹیٹر صالح سے کہا ہے کہ وہ خلیج فارس تعاون کونسل کے منصوبے پر فوری دستخط کرنے کے اپنے وعدے پر عمل کرے اور اقتدار چھوڑ دے تاکہ جلد سے جلد اقتدار کی منتقلی کا عمل انجام پاجائے۔..... /169