24 ستمبر 2011 - 20:30

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے بھی کئی دہشت تنظیموں کے ساتھ تعلقات ہیں، امریکا صبر نہ آزمائے،الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان بھی آپشنز استعمال کرنے کا حق رکھتا ہےاور پاکستان تنہا نہیں پوری دنیا اس کے ساتھ ہے۔

ابنا: واشنگٹن میں دنیا نیوز اور عرب ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ابھی تک امریکا نے کوئی ثبوت نہیں دیئے۔پاکستان پر جس تنظیم سے تعلقات کے الزام لگائے جا رہے ہیں وہ امریکا ہی کی بنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعلقات کی بات کریں تو انہیں یقین ہے کہ سی آئی اے کے بھی دنیا بھر میں بہت سی دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات ہیں،" میرا مطلب ہے انٹیلی جنس رابطوں سے ہے اور یہ نیٹ ورک جس کے بارے میں امریکا مسلسل باتیں کر رہا ہے ،وہ بہت عرصے تک امریکا کا چہیتا رہا ہے اور یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ اس کو سی آئی اے نے خود بنایا ہے"۔حنا ربانی کا کہنا ہے کہ اتحادی اور دوست میڈیا کے ذریعے بات نہیں کرتے اورخارجہ امور پر میڈیا میں بیانات دینا پاکستان کی پالیسی نہیں، اسے کمزوری نہ سمجھاجائے۔امریکی الزامات کا سلسلہ جاری رہاتھاجوابی اقدام کےطورپرپاکستان بھی اپنے آپشن استعمال کرنےکاحق رکھتاہے۔

انہوں نے کہا،"میرا خیال ہے کہ ہماری برداشت سے زیادہ امتحان نہیں لئے جانے چاہئیں، اگر یہ جاری رہتا ہے تو ہم سمجھیں گے کہ یہ امریکی پالیسی ہے، تب ہمیں بھی اپنے فیصلے کرنے کا حق ہوگا، ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں یہ گھمبیر مسئلہ ہے اور الزامات اور قربانی کے بکرے تلاش کرنے سے بات نہیں بنے گی، ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں ہمیں ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنے کا موقع دیا جائے اور دروازے کھلیں رکھے جائیں کیونکہ اس طرح کے بیانات دروازے بند کر رہے ہیں"وزیر خارجہ نے کہا دنیا پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کرتی ہے ۔وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ حکومت نے بے حد کوششوں کے بعد دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے عوامی حمایت حاصل کی لیکن امریکا اپنے اقدامات کے ذریعے اس حمایت کو ختم کر رہا ہے۔

...........

/169