ابنا: روس کی جانب سے ایران کو ایس تھری ہنڈرڈ میزائل سسٹم نہ دئے جانے کی بنا پر ایران، روس کی شکایت کرنا چاہتا ہے۔ جنرل احمد وحیدی نے آج تہران کے جنوب میں واقع حضرت امام خمینی رح کے مزار میں ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے مسلح افواج کے پریڈ سے خطاب میں کہا کہ روس کو ایران کے ساتھ ایس تھری ہنڈرڈ میزائل سسٹم کے معاہدے کو پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران لانگ رینج ایئر ڈیفنس میزائل بنارہا ہے اور میڈیم رینج نیز شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم بنانے میں خود کفیل ہوچکا ہے۔ وزیر دفاع نے ترکی میں نیٹو کی میزائل شیلڈ کے بارے میں کہا کہ تہران کسی بھی بیرونی طاقت کو اس بات کا موقع نہیں دے گا کہ وہ ایران کے مفادات کے لئے خطرے پیدا کرسکے اور ہر خطرے کا بھر پور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں نیٹو کی میزائيل شیلڈ صہیونی ریاست کو تحفظ فراہم کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کے مسائل میزائيل شیلڈ سے حل نہیں ہوسکتے کیونکہ یہ غاصب حکومت اندر سے اضمحلال کا شکار ہورہی ہے اور اس اضمحلال کی ایک بڑی وجہ فلسطینی عوام کی جدوجہد اور استقامت بھی ہے۔
............
/169