ابنا: پاکستان کی عوام کو دنیا کی ان قوموں میں شامل کردیا جن کا مقدس لہو قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے استعمال ہوا ہےکوئٹہ:۔جمعۃ الوداع کو یوم القدس منائیں گے، صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے، مرکزی احتجاجی مظاہرہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے پاکستان بلوچستان کے سابق صوبائی صدر اور فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے سرپرست رہنما علامہ عبد القدوس ساسولی، جماعت اسلامی پاکستان بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد عارف، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار زادہ روح اللہ خلجی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی نائب صدر مولانا سہیل اکبر شیرازی نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کے لئے عالمی تحریک میں حصہ بننے اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہوتے ہوئے عالمی یوم القدس منایا جائے گا اور اس سلسلہ میں پورے صوبہ میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر بعد نماز جمعہ مورخہ 26 اگست کو کیا جائے گا جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے انہوں نے کوئٹہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام امریکی و صہیونی سازشوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور جمعۃ الوداع کو یوم القدس ریلیوں اور مظاہروں میں شرکت کرکے اپنا شرعی اور اخلاقی فریضہ ادا کریں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس یوم القدس ریلی میں فلسطینی مظلوموں سے اظہار یکجہتی کرنے والے 72 افراد نے جام شہادت نوش کیا اور ملت پاکستان کا سر فخر سے بلند کرتے ہوئے پاکستان کی عوام کو دنیا کی ان قوموں میں شامل کر دیا جن کا مقدس لہو قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے استعمال ہوا ہے، رہنماؤں نے گزشتہ برس القدس ریلی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدائے القدس ریلی کوئٹہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہدائے القدس ریلی کوئٹہ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ فلسطین کا مسئلہ کوئی گروہی مسئلہ نہیں اور نہ ہی کوئی لسانی، قومی، مذہبی، مسلکی مسئلہ ہے بلکہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے جس کے لئے ہماری بحیثیت مسلمان یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ انسانیت کی بقاء کے لئے جدوجہد کریں اور مظلوم فلسطینیوں کی ہر سطح پر اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھیں۔ فلسطین جو کہ انبیاء کی سر زمین ہے گذشتہ 63 برس سے غاصب صہیونی قبضہ میں ہے اور مظلوم فلسطینی صہیونیوں کے انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، غاصب صہیونی ریاست اسرائیل صرف فلسطین کے لئے ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت و پوری کائنات کے لئے خطرہ ہے، لہذٰا ہم دنیا بھر اور بلخصوص پاکستان کے ذی شعور اور درد مند انسانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ فلسطین کے مظلوم اور نہتے عوام کی جدوجہد کی سیاسی و اخلاقی حمایت کی جائے اور جمعہ کو عالمی یوم القدس منایا جائے اور عالمی استعمار امریکا و اسرائیل سے نفرت کا اظہار کیا جائے۔
............
/169