ابنا: فلسطینی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بان کی مون نے لبنانی سرحد پر مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر حملے میں غیر روایتی ہتھیار استعمال کرنے کی مذمت کی ۔
واضح رہے کہ اس حملے میں سات فلسطینی شہید ہوگۓ تھے ۔ بان کی مون نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست اس واقعے کے لۓ جوابدہ ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا ہے کہ تحقیقات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ صہیونی فوج نے ہی تشدد کا آغاز کیا تھا اور اسی نے قرار داد سترہ سو ایک کی خلاف ورزی کی ہے۔
دوسری جانب صہیونی ریاست نے بان کی مون کے بیانات پر اپنا رد عمل دکھاتے ہوۓ بان کی مون کے خصوصی نمائندے مائیکل ویلیمز کے دورۂ تل ابیب کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے قرارداد سترہ سو ایک پر عمل درآمد کے سلسلے میں اپنی حالیہ رپورٹ میں مقبوضہ فلسطین اور لبنان کی سرحدوں پر فلسطینی عوام کے قتل عام کے ارتکاب کی وجہ سے صہیونی ریاست کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بان کی مون کی یہ رپورٹ ویلیمز نے تیار کی تھی۔
صہیونی ریاست نے رواں سال مئی کے مہینے میں فلسطین پر قبضے کے دن کے موقع پر لبنان کے مارون الراس علاقے میں مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کر کے سات فلسطینیوں کوشہید کردیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/169