6 جولائی 2011 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد رضا رحیمی نے عراق کی تعمیر نو میں مدد دینے کے لۓ تہران کی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

ابنا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد رضا رحیمی نے آج بغداد میں عراق کے سابق وزیر اعظم ابراہیم جعفری سے ملاقات میں کہا کہ عراق کی تعمیر نو اور عراقی عوام کی فلاح و بہبود کے لۓ عظیم کام انجام دینے کی ضرورت ہے اور ایران اس سلسلے میں مدد دینے کے لۓ آمادہ ہے ۔ رحیمی نے مزید کہا کہ ایران اور عراق کے اتحاد کے نتیجے میں ایک بڑی طاقت وجود میں آۓ گی جو دوسرے ممالک اور اقوام کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کر لے گی۔
ایران کے نائب صدر محمد رضا رحیمی نے تمام شعبوں میں عراقی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر ایران کی آمادگی کا اظہار کرتے ہوۓ اپنے دورۂ عراق کا اصل مقصد عراقی عوام اور حکام کے ساتھ تعاون کو قرار دیا۔
اس سے قبل ایران کے نائب صدر نے عراق کے صدر سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں عراق کے صدر جلال طالبانی نے ان سمجھوتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوۓ جن پر دونوں ممالک نے دستخط کۓ ہیں، اس امید کا اظہار کیا کہ ان سمجھوتوں سے دونوں ممالک کے درمیان ہمہ گیر تعاون میں توسیع کا ایک نیا باب کھلے گا۔
عراقی صدر نے تہران میں دہشتگردی کے خلاف ہونے والی کانفرنس میں اپنی شرکت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ اس طرح کی کانفرنسیں دہشتگردی کے خلاف علاقائی اور عالمی اتحاد کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے بھی کہا کہ ایرانی حکام عراق کو آباد کرنے پر بہت تاکید کرتے ہیں اور ایران عراق میں سرمایہ کاری اور اپنے تجربات سے عراق کو فائدہ پہنچانے میں کسی حد کا قائل نہیں ہے۔
 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/169