11 اپریل 2011 - 19:30

بحرین میں قانوندانوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مظاہروں میں گرفتار کئے جانے والوں کے اہل خاندان نے آج منامہ میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا۔

ابنا: العالم کی رپورٹ کے مطابق منامہ میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے اس دھرنے اور مظاہرے کی کال بحرین کے انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے دی ہے۔
بحرین میں انقلابی نوجوانوں کا اتحاد، اتوار کے دن سے ہفتہ آزادی منارہا ہے اور اس دوران مختلف پروگرام تیار کئے گئے ہیں۔
ہفتہ آزادی کے موقع پر ہونے والے پروگراموں ميں بحرینی جیل میں پولیس کے تشدد کے نتیجے میں شہید ہونے والے زکریا راشد العشیری اور عیسی صقر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر مظاہرے کئےجائيں گے۔
جمعرات کے دن خواتین قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اجتماع کیا جائے گا جبکہ نماز جمعہ کے بعد سلمانیہ اسپتال کا محاصرہ توڑنے کے لئے بحرین کے مختلف علاقوں میں مظاہرہ اور دھرنا دیا جائے گا اور بحرین کے تمام دیہاتوں میں منامہ کے لؤلؤہ اسکوائر کی مانند علامتی اسکوائر بنائے جائيں گے۔
دوسری جانب سے جنگی جرائم کا جائزہ لینے والے اتحاد کے ایکزیکٹیو ڈائریکٹر لوی دیب نے اعلان کیا ہےکہ حکومت بحرین نے تقریبا آٹھ سو پچاس مظاہرین کو صرف مظاہروں میں شرکت کے جرم میں سرکاری نوکریوں سے نکال دیا ہے۔
لوی دیب نے العالم کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا۔
جبکہ بحرین کے اٹارنی جنرل نے روزنامہ الوسط کے تین نامہ نگاروں سے سعودی اور بحرینی فورسز کے سلسلے میں خبریں دینے کے جرم میں بازپرس کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/110