17 مارچ 2011 - 20:30

سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز نے قطیف شہر میں احتجاج کرنے والے عوام پر فائرنگ کر کے کم از کم سات افراد کو زخمی کر دیا۔

ابنا: العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روز الشرقیہ صوبے کے گورنر کے حکم پر قطیف میں پرامن مظاہرہ کرنے والے افراد پر فائرنگ کر دی جس سے سات افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے اسی طرح کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے اس کا محاصرہ کر لیا۔
سعودی عرب میں انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے آج جمعہ کے روز سعودی عرب کے کئی شہروں میں حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت نے کہا ہے کہ وہ مظاہروں کی اجازت نہیں دے گي اور ان مظاہروں کو سختی سے کچل دے گي۔
آزادئ بیان ، انتخابات کا انعقاد، آئينی نظام کی تشکیل، بغیر مقدمے کے قید میں رکھے گئے قیدیوں کی رہائي، عورتوں کے حقوق پر زور اور اسی طرح تمام فرقوں اور مذاہب کو اپنے فرائض کی انجام دہی کی آزادی سعودی عرب کے عوام کے جملہ مطالبات میں شامل ہیں۔
سعودی عرب کےایک اہم عالم دین نے پرامن مظاہروں کوشرعی لحاظ سےجائزقراردیاہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سعود یونیورسٹی میں شعبہ دینیات کے انچارج سعود بن عبداللہ الفنیسان نے حقوق کے حصول کے لئے پرامن مظاہروں کو دین اسلام میں آزادی بیان کا مظہرقرار دیا۔
سعودی عالم دین نے عوامی مظاہروں کو روکنے کے سعودی حکومت کے اقدام کو آزادی بیان پر پابندی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر سے متعلق تمام آیتیں اور روایتیں پرامن مظاہروں کاثبوت ہیں جبکہ سعودی علما کی کونسل نے اتوار کے دن ایک بیان جاری کر کے اسےحرام قرار دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110