26 دسمبر 2010 - 20:30

محترمہ بینظیر بھٹو کی تیسری برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ان کے مزار لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، فاتحہ خوانی اور قران خوانی جاری ہے اور محترمہ سے عقیدت کے اظہار کیلئے لوگ مزار پر پھول چڑھا رہے ہیں۔

ابنا: دوسری جانب شہید بینظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنی والدہ کی برسی کی تقریبات میں شرکت اور آج ہونے والے جلسے میں بھی شرکت کرینگے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی تیسری برسی میں شرکت کیلئے خواتین اور بچوں سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ قافلوں کی شکل میں گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں، متعدد کارکن پیپلز پارٹی کے پرچم کا لباس پہنے ہوئے ہیں، لوگ محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر پہنچ کر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں، محترمہ کے مزار پر پھول اورچادریں چڑھانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بھٹو مزار کمیٹی کی جانب سے مزار کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات ہیں اور لوگوں کو مکمل تلاشی کے بعد ہی مزار کے احاطے میں داخل ہونے دیا جارہا ہے۔  پیپلز پارٹی کی جانب سے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔برسی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے قائدین فوزیہ وہاب، سراج درانی، ذوالفقار مرزا، آفتاب میرانی راجا ریاض اور ایم کیو ایم کے رضا ہارون، نثار پنھور، سمیت دیگر اراکین نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما رضا ہارون کا کہنا تھا کہ بے نظیر جمہوریت کی عظیم علمبردار تھیں، اور انھوں نے جمہوریت کے لیے جان دی، ایم کیو ایم کا وفد ہر سال بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کے لیے آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں بے نظیر بھٹو کے پائے کے رہنما کم ہیں، پاکستان آنے سے بہت عرصہ پہلے سے بے نظیر کا الطاف حسین سے رابطہ تھا، ان کے مطابق پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی مفاہمت بہت پہلے ہوچکی تھی،ہمیں سندھ کے مفاد اور پاکستان کی ترقی کے لیے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا، اگر ملک دشمن عناصر کامیاب ہوگئے تو ملک کو نقصان پہنچے گا،ملک میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی ضرورت ہے۔

.........

/110