مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ نیٹو بدمست ہاتھی بن گیا،بہت بے عزتی برداشت کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں نہ تو طالبان کی سرگرمیاں دیکھی ہیں اور نہ ہی وہ نیٹو کے ٹرک نذرِآتش کرتے ہیں البتہ جرائم پیشہ افراد نیٹو کے ٹرک لوٹتے بھی ہیں اور نذرِآتش بھی کرتے ہیں۔ اگر یہ بات درست ہے کہ نیٹو کے ٹرک لوٹ کر اُن کا سامان کوئٹہ کے بازاروں میں فروخت ہورہا ہے تو اِسے حکومت کی نا اہلی ہی کہا جاسکتا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ ”کیا ہم امریکی امداد کے بغیر زندہ رہ سکیں گے؟“ کے موضوع پر ہونے والے اس مباحثے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان ، دفاعی تجزیہ کار طلعت مسعوداور سابق سفیر رستم شاہ مہمند شریک ہوئے۔ عبدالقادر بلوچ نے مزید کہا کہ جو معاہدہ فردِ واحد نے کیا تھا، اُس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ یہ کہنا کہ امریکی امداد کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے، غلط ہے، کیونکہ اقوام کو اپنی عزّت نفس کی خاطر مصیبتیں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ نیٹو فورسز کی جانب سے ہمارے ٹروپس کو ٹارگٹ کرنے کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی جاسکتی ، ہم نے بہت بے عزّتی برداشت کرلی، نیٹو نے بد مست ہاتھی بن کر ہماری افواج پر حملے شروع کردیئے ہیں اور اس معاملے پر ہم نے قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں سے واک آؤٹ بھی کیا ہے۔ نٹیو کوپاکستان سے سپلائی پرمستقل پابندی لگائی جائے، منوّر حسن جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیّدمنوّرحسن نے کہاہے کہ ڈرون حملوں نے ملکی سالمیت اور خودمختاری کو داؤ پرلگا دیا ہے ۔ نیٹو کی سپلائی پر مستقل پابندی لگائی جائے۔ملک میں بدامنی اور انتشار امریکا کا ایجنڈا ہے تاکہ ایٹمی اثاثوں کوتحویل میں لیا جاسکے ، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری اسی وقت ختم ہوگی جب دہشت گردوں کو ووٹ دینا بند کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت میٹروول میں منعقدہ عوامی عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عید ملن میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی‘ سیکریٹری حافظ نعیم الرحمن‘ ضلع غربی کے امیر حمید اللہ خان ایڈووکیٹ ‘ سابق رکن قومی اسمبلی لئیق خان اور دیگرنے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے دیگر رہنما اسحاق خان‘ امین اللہ ‘ عزیز بیگ قاسمی‘ محمود الحسن‘ عبدالرزاق ‘ فرحاد گل اور دیگربھی موجودتھے۔ سیّد منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ آج پوری دنیا میں امریکا بے گناہ مسلمانوں کا خون بہار رہا ہے ‘کشمیر ‘ فلسطین ‘ عراق اور افغانستان، امریکا اور اسکے حواریوں کے ظلم کاشکار ہے۔ امریکا اپنے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود مسلمانوں کوزیر کرنے میں ناکام رہاہے۔افغانستان میں نہتے عوام نے امریکا کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں اور اب افغانستان میں امریکا کی شکست کا صرف اعلان باقی رہ گیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110