27 اگست 2010 - 19:30

بلیک باکس کے کاک پٹ وائس ریکارڈر سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثے کے وقت طیارے کے کاک پٹ میں کوئی تیسرا فرد بھی موجود تھا!!!

سانحہ مارگلہ کی تحقیقاتی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ ایئر بلیو طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے وقت طیارے کے کاک پٹ میں پائلٹ اور کو پائلٹ کے علاوہ کوئی تیسرا شخص بھی موجود تھا۔اٹھائیس جولائی کو کراچی سے اسلام آباد آنے والا ایئربلیو کا مسافر طیارہ مارگلہ کی پہاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام ایک سو باون افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے مطابق بلیک باکس کے کاک پٹ وائس ریکارڈر سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثے کے وقت طیارے کے کاک پٹ میں کوئی تیسرا فرد بھی موجود تھا۔عام حالات میں دوران پرواز کاک پٹ میں پائلٹ اور کو پائلٹ کے علاوہ کسی کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر کے ذریعے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ حادثے سے پہلے کنٹرول ٹاور اور پائلٹ کے درمیان دو منٹ اور پچیس سیکنڈ تک بات چیت ہوئی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بلیک باکس کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ جب طیارے کو حادثہ پیش آیا اس وقت اس کے تمام فلائٹ سسٹمز پوری طرح درست حالت میں کام کر رہے تھے اور اس میں کوئی تکنیکی خرابی نہیں تھی۔ یاد رہے کہ ایئربلیو طیارے کے اس حادثے کی دو مختلف ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں اور حتمی تحقیقات سامنے آنے میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/110