17 ستمبر 2010 - 19:30

شیعیان کوئٹہ نے ملت جعفریہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بعد نماز جمعہ امام بارگاہ کلان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے عہد کیا کہ شہداء کے خون سے ملک کو بچائیں گے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام  احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری علامہ مقصود ڈومکی، علامہ ولایت حسین اور آئی ایس او کے صوبائی صدر قمر عباس طوری نے خطاب کیا جبکہ مظاہرے میں سینکڑوں شیعیان حیدر کرار نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں ملت جعفریہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نعروں پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور لبیک یاحسین علیہ السلام اور امریکا مردہ باد سمیت شیعہ سنی اتحاد کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کی کوئٹہ میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 4جولائی کو ہر صورت میں لانگ مارچ کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے نمائندہ شخصیات شریک ہوں گی۔رہنماؤں نے واضح کیا کہ حکومت نے ملت جعفریہ کے تحفظ کو یقینی نہ بنایا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔مقررین کا کہنا تھا کہ شہدائے ملت جعفریہ کا خون مملکت خداد پاکستان کو بچانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا اور وارثین شہداء کسی بھی صورت میں شہدائے ملت جعفریہ کے خون کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے اور ملت جعفریہ وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کے لئے ملک دشمن اور اسلام دشمن عناصر کے سامنے سینہ سپر رہے گی اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110