17 نومبر 2026 - 16:25
بقائی: بنیادی تنصیبات پر حملے کا جواز پیدا کرنے کے لیے جھوٹے الزامات کا سہارا لیا جا رہا ہے

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی ڈیموں اور میزائل اڈوں کے درمیان تعلق کے بے بنیاد دعوے دراصل ملک کی اہم تنصیبات پر حملوں کا جواز پیدا کرنے کے لیے میڈیا مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا جواب ایسا ہوگا جسے فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج منگل 26 آبان کو سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران کے ڈیموں اور میزائل اڈوں کے درمیان تعلق کے بے بنیاد دعوے، پروپیگنڈا کرنے اور ملک کی اہم تنصیبات پر حملوں کا جواز پیدا کرنے کے لیے سکیورٹی سے متعلق بہانے تراشنے کی ایک اور بدنیتی پر مبنی مہم ہے۔

بقائی نے امریکہ اور صیہونی حکومت کے ایران پر حالیہ حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا:

’’خمین (صوبہ مرکزی)، ہفتگل (صوبہ خوزستان) اور بمانی (سیرک) میں پانی ذخیرہ کرنے والے آبی ذخائر، اسی طرح قشم جزیرے، نیک شہر اور تیس (صوبہ سیستان و بلوچستان) میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس اور جاسک کے گاؤں بنجی میں قائم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں شہری آبادی اور رہائشی علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی یا مکمل طور پر منقطع ہوگئی۔‘‘

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا:

’’غیر فوجی تنصیبات کی فوجی مراکز سے جغرافیائی قربت کو ان پر حملوں کا جواز قرار دینا نہ کوئی معتبر دلیل ہے اور نہ ہی مستند دعویٰ، بلکہ یہ غیر فوجی تنصیبات پر حملوں کو جائز ثابت کرنے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کو معمول کا عمل بنانے کی ایک خطرناک مغالطہ آرائی ہے۔‘‘

ایران کی جارحیت کا جواب فراموش نہیں کیا جا سکے گا

بقائی نے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے حوالے سے امریکہ کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا:

’’اگرچہ امریکہ آج تکبر آمیز لہجے اور قرونِ وسطیٰ کی سوچ کے ساتھ یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ تلوار اٹھانے والوں سے نمٹتے وقت قانون کا حوالہ دینے کی ضرورت نہیں، لیکن بین الاقوامی انسانی قانون، بالخصوص جنیوا کنونشنز کے پہلے اضافی پروٹوکول کی شق 56، ڈیموں اور اسی نوعیت کی تنصیبات کو خصوصی تحفظ فراہم کرتی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت شروع کرنے والے اب بے بنیاد الزامات تیار اور نشر کرکے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے میڈیا کے ذریعے فضا ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان الزامات میں نیویارک ٹائمز اخبار میں شائع ہونے والے حالیہ دعوے اور ایک ’’گندے بم‘‘ سے متعلق من گھڑت میڈیا بیانیہ بھی شامل ہے، جسے سی این این نے فروغ دیا ہے۔

بقائی نے کہا:

’’وہ مرحلہ وار مزید جارحیت اور جرائم کے لیے جواز کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران اچھی طرح جانتا ہے کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب کیسے دینا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایسے اقدام کا جواب ایسا ہو جسے فراموش نہ کیا جا سکے۔‘‘

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آخر میں خبردار کیا کہ عالمی برادری کو سمجھنا چاہیے کہ بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی و اخلاقی اصولوں کی کھلی خلاف ورزیوں کو معمول کا عمل بنانے کے لیے چلائی جانے والی مہمات کے سامنے خاموشی اور چشم پوشی کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ ان نتائج سے صرف خطہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت متاثر ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha