15 نومبر 2026 - 15:43
یمن کے حملوں سے سعودی فوجی قیادت شدید الجھن کا شکار، متعدد افسران نے عہدے چھوڑ دیے

فوجی امور کے ماہر بریگیڈیئر جنرل خالد غراب نے کہا ہے کہ یمنی مسلح افواج کی جانب سے سعودی عرب کے حمایت یافتہ فوجی ٹھکانوں، کمانڈ مراکز اور آپریشنل کمانڈ رومز کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے باعث سعودی فوج کو اپنی نقل و حرکت اور زمینی تعیناتیوں کے انتظام میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن میں مسلسل فوجی کارروائیاں سعودی عرب کے حمایت یافتہ فوجی دستوں کے ساتھ جھڑپوں میں اضافے کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں یمنی مسلح افواج نے میزائل حملوں، فوجی ٹھکانوں، کمانڈ مراکز اور سعودی عرب سے وابستہ فورسز کی نقل و حرکت کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی اطلاع دی ہے۔

فوجی امور کے ماہر بریگیڈیئر جنرل خالد غراب نے المسیرہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع کے اس بیان پر تبصرہ کیا، جس میں سعودی افسر بدر الحربی کی کمان میں لحج صوبے کے علاقے خرز میں موجود فوجی اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی اطلاع دی گئی تھی۔

انہوں نے اس کارروائی کو گزشتہ چند روز سے جاری مسلسل حملوں کا حصہ قرار دیا، جن میں جبل حدید، البریقہ، رأس العارہ، جبل الخرج اور خرز کیمپ میں موجود فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

خالد غراب نے وضاحت کی کہ کمانڈ مراکز اور آپریشنل کمانڈ رومز کو نشانہ بنانا فوجی اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ان مقامات سے فوجی نقل و حرکت کی نگرانی، مختلف کارروائیوں میں رابطہ کاری اور فوجی دستوں کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ ان مراکز پر بار بار حملوں سے فوجی کمانڈ اور کنٹرول کا نظام متاثر ہوتا ہے اور فوجی دستوں کی پہلے سے طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق نقل و حرکت کی صلاحیت کمزور پڑ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوجیوں، گاڑیوں اور بکتر بند گاڑیوں کی تعداد میں برتری لازماً جنگ کا نتیجہ طے نہیں کرتی، خصوصاً اس وقت جب مقابلہ جدید ہتھیاروں اور سوچے سمجھے جنگی منصوبوں کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے ہو۔

ان کے بقول، ان کارروائیوں کی نوعیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے کرنے اور براہِ راست فوجی اثرات مرتب کرنے والے اہداف کے انتخاب میں خاصا تجربہ موجود ہے۔

خالد غراب نے بتایا کہ خرز کا علاقہ اور وہاں واقع فوجی کیمپ اپنے جغرافیائی محل وقوع اور رأس العارہ، السقیہ، بنی بکر اور ذباب کے نواحی علاقوں سے رابطے کے باعث سعودی حمایت یافتہ فورسز کی فوجی تعیناتیوں کے نقشے میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق، اس علاقے میں زمینی صورت حال میں ہونے والی تبدیلیوں نے وہاں تعینات فورسز کے لیے دستیاب راستے اور امکانات محدود کردیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل حملوں کے باعث متعدد سعودی افسران اپنے ٹھکانوں سے نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان میں سے بعض عدن کی جانب پسپا ہوئے ہیں، جبکہ مقامی اطلاعات کے مطابق کچھ افسران سعودی عرب واپس چلے گئے ہیں۔

اس فوجی ماہر نے بتایا کہ یمنی کارروائیاں مختلف محاذوں پر جاری ہیں۔ خرز کیمپ کی جانب پیش قدمی اور کہبوب و ذباب کے محاذوں پر نقل و حرکت بھی اسی کارروائی کا حصہ ہے۔ ان اقدامات کا مقصد فوجی نقل و حرکت کے راستوں پر کنٹرول مضبوط بنانا اور سعودی حمایت یافتہ فورسز کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے ساتھ سعودی عرب کے اندرونی علاقوں میں واقع ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈوں پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یمنی فوجی بیانات میں جن اہداف کا ذکر کیا جارہا ہے، ان کا دائرہ وسیع ہورہا ہے۔

خالد غراب نے بتایا کہ نومبر کے ابتدائی دس دنوں میں یمنی کارروائیوں کی تعداد 52 سے تجاوز کرچکی ہے، یعنی روزانہ اوسطاً پانچ سے زیادہ کارروائیاں انجام دی گئی ہیں۔

ان کے خیال میں یہ تعداد فوجی سرگرمیوں میں تیزی اور حملوں کے دائرے میں وسعت کی نشاندہی کرتی ہے، جن میں فوجی اجتماعات کے علاوہ اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے ریاض کے لیے سمندری راستوں میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے کی گنجائش محدود ہوجاتی ہے اور توانائی کے شعبے پر مزید دباؤ پڑتا ہے۔

اس فوجی ماہر نے سعودی عرب کی فضائی حدود پر یمنی کارروائیوں کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاض، دمام اور جنوبی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر ان کے اثرات کی شدت مختلف ہے، جبکہ بعض علاقوں میں یہ اثرات 70 سے 100 فیصد تک پہنچ جاتے ہیں۔

انہوں نے بحیرہ احمر کے جنوبی حصے میں بحری سرگرمیوں پر یمنی کارروائیوں کے اثرات کو بھی وسیع قرار دیا اور کہا کہ ان کا دائرہ مختلف نوعیت کی نقل و حرکت اور فوجی ٹھکانوں تک پھیلا ہوا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha