9 نومبر 2026 - 15:25
بحرین میں شیعہ علما کے خلاف عدالتی کارروائی؛ آسٹریلیا کی شیعہ کونسل کا حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ

آسٹریلیا کی شیعہ کونسل (SMCA) نے بحرین میں شیعہ علما اور شہریوں کے خلاف جاری اجتماعی عدالتی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کینبرا حکومت اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں، تشدد اور جبری اعترافات کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرائیں اور منصفانہ عدالتی کارروائی کو یقینی بنائیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، آسٹریلیا کی شیعہ کونسل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بحرین میں شیعہ علما کے خلاف اجتماعی مقدمے پر کینبرا حکومت سے فوری ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔ کونسل کے مطابق اس عدالتی کارروائی پر تشدد اور جبری اعترافات کے الزامات کے سائے منڈلا رہے ہیں۔

بیان کا متن درج ذیل ہے:

آسٹریلیا کی شیعہ کونسل بحرین میں شیعہ شہریوں اور مذہبی علما کے خلاف اجتماعی مقدمے پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ اس مقدمے میں 69 افراد شامل ہیں، جن میں 60 شیعہ علما بھی ہیں۔

اس عدالتی کارروائی کے دوران تشدد، جبری اعترافات، غیر قانونی گرفتاریوں اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

یہ صورت حال آسٹریلیا کی شیعہ برادری، بالخصوص بحرینی نژاد آسٹریلوی شہریوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ محض مذہبی تعلیمات اور عبادات کی بنیاد پر افراد کو نشانہ بنانے سے بحرین میں مذہبی آزادیوں کو دبانے اور شیعہ آبادی کو خوف اور ہراسانی کے بغیر اپنے مذہبی عقائد پر عمل کرنے سے محروم کرنے کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

ہم آسٹریلوی حکومت اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بحرینی حکام کے سامنے ان خدشات کو اٹھاتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔ ان اقدامات میں تشدد کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات، منصفانہ عدالتی کارروائی کی ضمانت اور غیر قانونی طور پر گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ شامل ہونا چاہیے۔ ایسے سنگین الزامات پر خاموشی اختیار کرنا بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت آسٹریلیا کی ذمہ داریوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

واضح رہے کہ بحرینی ذرائع ابلاغ نے اتوار کے روز خبر دی تھی کہ بحرین میں شیعہ علما کے مقدمے میں فیصلہ سنانے کے لیے ہونے والی سماعت کسی فیصلے کے بغیر ختم ہوگئی۔ عدالت نے فیصلہ سنانے کی تاریخ آئندہ 22 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha