9 نومبر 2026 - 13:38
آل خلیفہ حکومت کے پولیس سربراہ کا شیعہ عقائد کو دبانے کا اعتراف

بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے پولیس سربراہ کے حالیہ بیانات نے شیعہ شہریوں کے مذہبی عقائد اور سیاسی وفاداری سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ان کے بیانات پر انسانی حقوق کے حلقوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی عقیدے کو سیاسی وابستگی سے جوڑنا شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کا جواز نہیں بن سکتا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کے پولیس سربراہ طارق بن حسن الحسن نے ایک انٹرویو میں شیعہ مسلمانوں کے عقیدۂ ولایتِ فقیہ اور ایران سے ان کی مذہبی وابستگی کے حوالے سے گفتگو کی۔ ان کے بیان کو بحرین کے شیعہ شہریوں کے عقائد اور وفاداری پر سوال اٹھانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم مرآۃ البحرین نے پولیس سربراہ کے ان بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی شہری کے مذہبی عقیدے کو اس کی سیاسی وفاداری یا ریاست سے وابستگی کا پیمانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ تنظیم کے مطابق، ولایتِ فقیہ پر ایمان رکھنے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی شخص لازماً کسی غیر ملکی حکومت کے احکامات پر عمل کرتا ہے یا اپنے ملک سے بے وفائی کا مرتکب ہوتا ہے۔

تنظیم نے پولیس سربراہ کے اس مؤقف پر بھی تنقید کی کہ ایسے رجحانات کا محض تدارک کافی نہیں بلکہ ان کی جڑوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ مرآۃ البحرین کے مطابق، اس قسم کی زبان شیعہ شہریوں کے مذہبی عقائد کو ایک سکیورٹی مسئلے کے طور پر پیش کرتی ہے اور ان کے خلاف مزید پابندیوں اور اقدامات کا راستہ ہموار کرسکتی ہے۔

مرآۃ البحرین نے زور دیا کہ اگر کسی فرد کے خلاف قانون شکنی یا کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں تو اس سے نمٹنے کے لیے شفاف قانونی کارروائی اور منصفانہ عدالتی نظام موجود ہے۔ محض مذہبی عقیدے یا فکری وابستگی کی بنیاد پر کسی شہری کو مشتبہ قرار دینا قابل قبول نہیں۔

تنظیم نے بحرین میں شیعہ آبادی کے خلاف جاری سکیورٹی اقدامات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی شناخت کو سیاسی وفاداری سے جوڑنے کے بجائے شہریوں کے آئینی اور بنیادی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔

مرآۃ البحرین کے مطابق، پولیس سربراہ کے بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بحرین میں شیعہ شہریوں کے مذہبی عقائد کو کس طرح سکیورٹی اور سیاسی وفاداری کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جبکہ کسی بھی ریاست میں شہریوں کے حقوق کا تحفظ ان کے مذہبی عقائد سے قطع نظر یقینی بنایا جانا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha