29 ستمبر 2026 - 09:42
عراقچی: آبناے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی شرائط پہنچا دی گئی ہیں

وزیر خارجہ ایران سید عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ آبناے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی شرائط، رہبرِ ایران کی ہدایات کے مطابق، امریکی فریق تک پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ تہران امریکی جواب کا انتظار کر رہا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، سید عباس عراقچی نے پیر کے روز نیویارک میں ایرانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قطر کے ثالث اور اقوام متحدہ کی 81ویں جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے اپنے دورے کے مقاصد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سفر کا ایک اہم مقصد جنگ کی صورتحال اور بالخصوص آبناے ہرمز کے معاملے سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا تھا۔

عراقچی نے کہا کہ آبناے ہرمز کھولنے کے لیے کچھ شرائط موجود ہیں جن پر رہبرِ ایران نے زور دیا ہے اور ان شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے ان شرائط سے نہ صرف امریکی فریق کو آگاہ کیا بلکہ تمام ممالک اور عالمی برادری کو بھی یہ پیغام دیا ہے کہ تہران کے پاس اس معاملے کے لیے ایک منصوبہ موجود ہے۔ ان کے بقول، ایران کی شرائط مکمل طور پر منصفانہ اور منطقی ہیں اور اگر امریکہ واقعی کسی معاہدے یا پُرامن حل کا خواہاں ہے تو ایران نے وہ راستہ واضح کر دیا ہے۔

عراقچی نے کہا کہ ایران کا سات نکاتی منصوبہ قطری ثالث کے ذریعے امریکی فریق تک پہنچایا جا چکا ہے۔ امریکی صدر کے بیانات کے باوجود تہران امریکی جواب کا باضابطہ طور پر ثالثوں کے ذریعے انتظار کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج ایک قطری ثالث نے دوبارہ ایرانی حکام سے ملاقات کی، جس میں ایران کی شرائط کو عملی جامہ پہنانے اور موجودہ صورتحال میں پیش رفت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطری فریق نے کچھ تجاویز پیش کیں جن پر بات چیت ہوئی، اور طے پایا کہ یہ تجاویز دوبارہ امریکی فریق کے سامنے رکھی جائیں گی۔ اس کے بعد امریکی جواب قطری ثالث کے ذریعے ایران کو پہنچایا جائے گا۔ ثالثوں کو امید ہے کہ یہ جواب کل تک موصول ہو سکتا ہے۔

عراقچی نے کہا کہ وہ چند گھنٹوں بعد تہران روانہ ہوں گے اور جب بھی قطری فریق کو کوئی جواب موصول ہوگا، وہ اسے ایران تک پہنچانے کا طریقہ جانتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قطری اور پاکستانی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ پہلے سے جاری تھا، تاہم ایران کی جانب سے منصوبہ پیش کیے جانے کے بعد یہ رابطے زیادہ سنجیدہ شکل اختیار کر گئے ہیں۔

وزیر خارجہ ایران نے بعض میڈیا رپورٹس اور قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کے مطابق آبناے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی شرائط واضح ہیں اور دیگر معاملات پر بھی تہران کا مؤقف پہلے سے طے شدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بنیادی معاملہ صرف آبناے ہرمز کا ہے اور آبنائے ہرمز کو کھولنا ایران کی جانب سے پیش کردہ شرائط کی تکمیل سے مشروط ہے۔ عراقچی نے میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں اور دانستہ پروپیگنڈے کو نظرانداز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے مؤقف میں کسی قسم کی لچک یا تبدیلی کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha