22 ستمبر 2026 - 15:54
سپاہ پاسداران: ہر جارحیت کا فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہیں

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ مسلح افواج، خصوصاً پاسداران انقلاب، ہر قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اس وقت ’’متحرک حالت‘‘ میں ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز کے موقع پر ایک بیان جاری کیا ہے۔

بیان کا مکمل متن درج ذیل ہے:

آٹھ سالہ دفاع مقدس محض ایک فوجی واقعہ نہیں تھا بلکہ سماجی سرمایہ، قومی یکجہتی اور تزویراتی خود اعتمادی کی تشکیل کا ایک میدان تھا۔ اس تجربے نے ایرانی قوم کو سکھایا کہ حقیقی طاقت ایمان کی گہرائی، اتحاد اور قیادت و عوام کے باہمی تعلق میں پوشیدہ ہے۔ آج یہی سبق ایک ایسی ذہین اور کثیرالجہتی دفاعی حکمت عملی میں تبدیل ہو چکا ہے جو جغرافیائی سرحدوں سے آگے بڑھتے ہوئے معلوماتی، سائبر، اقتصادی اور تزویراتی میدانوں میں بھی بازدار قوت پیدا کر رہی ہے۔

بیان میں ملک کی دفاعی طاقت اور بازدار صلاحیت کے پختہ اور مزید مضبوط ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے مقامی علم و دانش، تزویراتی جدت اور دفاعی خود انحصاری کی بنیاد پر ایسی طاقت حاصل کرلی ہے کہ وہ ہر خطرے کو اس کے آغاز ہی میں ناکام بنا دیتی ہیں۔ دوسری اور تیسری مسلط کردہ امریکی۔صیہونی جنگ میں ’’وعدہ صادق‘‘ کارروائیوں کی زوردار اور دشمن شکن لہروں نے دنیا کے سامنے اس طاقت کے عظیم اور تاریخی مظاہر پیش کیے۔ ان کارروائیوں نے امریکی۔صیہونی دشمن اور اس کے حامیوں کی مصنوعی طاقت کا بھرم توڑ دیا اور خطے کے سلامتی کے انتظامات کو مزاحمتی محاذ اور ایرانی قوم کے حق میں دوبارہ ترتیب دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میدان جنگ میں رونما ہونے والے حیرت انگیز واقعات نئے علاقائی نظام کے آغاز کا سبب بنے ہیں۔ آبنائے ہرمز کے تزویراتی انتظام، استکباری، انسان دشمن اور شیطانی طاقتوں کے رعب کو توڑنے اور امریکہ سمیت غلبہ پسند اور دہشت گرد حکومتوں کی بے بسی کو بے نقاب کرنے کی حقیقت ناقابل تردید بن چکی ہے۔ ان جنگوں کے بعد دنیا پہلے جیسی نہیں رہی؛ یہ ایک ایسی دنیا ہے جس میں محروم اقوام نے اپنی صلاحیتوں پر یقین کرنا شروع کیا ہے جبکہ استکباری طاقتیں زوال کی جانب بڑھ رہی ہیں۔

بیان میں ایرانی قوم کے خلاف استکباری طاقتوں کی چالوں اور پیچیدہ سازشوں کے مقابلے میں ہوشیاری اور بیداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دشمن نے فوجی میدان میں ناکامی کے بعد ہائبرڈ، معلوماتی، اقتصادی اور میڈیا جنگ کا رخ اختیار کرلیا ہے۔ تاہم ایرانی قوم اپنی اندرونی صلاحیتوں، مزاحمتی معیشت اور مقدس قومی اتحاد پر بھروسہ کرتے ہوئے ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ مسلح افواج، خصوصاً پاسداران انقلاب، اس ہمہ گیر جنگ میں ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دینے کے لیے اپنی انگلیاں ٹریگر پر رکھے ہوئے ہیں۔

بیان کے ایک اور حصے میں شہید امام حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای (قدس سرہ) کے مقام اور کردار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کے دفاعی نظام میں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب، بہادر بسیجی اور مضبوط ایران کے تمام جانثار، نیز شہید قائد کے خون کا بدلہ لینے کے لیے تیار افراد، مکمل تیاری اور ہمہ گیر بیداری کے ساتھ موجود ہیں اور دشمن کی جانب سے کسی غلط اندازے کی صورت میں فرسودہ اور جارح دشمن کو فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ انہیں دیر یا سویر خطے سے اپنے ناپاک اور مجرمانہ وجود کے خاتمے کی حقیقت تسلیم کرنا ہوگی اور اللہ کے فضل سے وہ اس انجام سے فرار نہیں ہوسکیں گے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بیان کے اختتام پر رہبر انقلاب اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حضرت آیت اللہ امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (مدظلہ العالی) اور جلیل القدر شہداء سے تجدید عہد کرتے ہوئے اسلامی سرزمین کے دفاع اور دشمن کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک کی مسلح افواج کی خفیہ و علانیہ دفاعی صلاحیتوں کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا۔

سپاہ پاسداران نے تاکید کی کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس ملک کی ترقی اور دشمن کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی عزم اور اتحاد کی تشکیل کا ایک روشن اور سنہری باب ہمیشہ قائم رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha