اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے بدھ 16 ستمبر 2026 کو ایک بیان میں سعودی عرب کے اندر دو فوجی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔ یمنی فوج کے مطابق ان کارروائیوں میں سعودی عرب کے شہر ینبع میں آرامکو کی تنصیبات اور خمیس مشیط ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی کارروائی میں ینبع میں آرامکو کی تنصیبات کو درجنوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا اور حملے میں ’’براہ راست اصابت‘‘ ہوئی۔
یمنی مسلح افواج نے مزید دعویٰ کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں آرامکو کی تنصیبات میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔
بیان کے مطابق دوسری کارروائی میں خمیس مشیط ایئربیس کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور یمنی فورسز نے دعویٰ کیا کہ میزائل درست طور پر اپنے اہداف پر لگے۔
یمنی مسلح افواج نے ان حملوں کو سعودی عرب کی جانب سے یمن کے خلاف جاری جارحیت کے جواب میں قرار دیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ سعودی عرب گزشتہ 12 برس سے یمن کے خلاف فوجی کارروائیوں اور محاصرے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب نے رواں ہفتے یمن کے مختلف علاقوں پر 450 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔
یمنی مسلح افواج نے بیان کے آخر میں کہا کہ وہ جسے ’’یمن کا دفاع‘‘ قرار دیتی ہیں، اسے جاری رکھیں گی اور سعودی اہداف کے خلاف اپنے حملے نہیں روکیں گی۔
آپ کا تبصرہ