9 ستمبر 2026 - 15:44
ایران: پیرانشہر میں امام جمعہ ماموستا محمد نُزہتی دہشت گرد حملے میں شہید

آذربائیجان غربی میں سپاہ شہدا کے شعبۂ تعلقات عامہ نے پیرانشہر کے اہل سنت امام جمعہ ماموستا محمد نُزہتی کی دہشت گرد حملے میں شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی شیعہ سنی اتحاد کو نقصان پہنچانے اور علاقے میں بدامنی و انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، آذربائیجان غربی میں سپاہ شہدا کے شعبۂ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں پیرانشہر کے اہل سنت امام جمعہ ماموستا محمد نُزہتی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ماموستا محمد نُزہتی کو علیحدگی پسند دہشت گرد گروہوں کی جانب سے کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس پر آذربائیجان غربی کے علما اور عوام میں شدید غم و تشویش پائی جاتی ہے۔

سپاہ شہدا کے مطابق، یہ کارروائی محض ایک مذہبی شخصیت کو نشانہ بنانے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور انتشار پیدا کرنا، شیعہ سنی اتحاد کو نقصان پہنچانا اور معاشرے کا امن و سکون تباہ کرنا ہے۔

بیان میں ماموستا محمد نُزہتی کی عوامی خدمات اور بسیج کے ساتھ طویل عرصے تک تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی عملی زندگی عوام کی خدمت، اخلاص اور عاجزی سے عبارت تھی۔

آذربائیجان غربی میں سپاہ شہدا نے شہید عالم دین کے اہل خانہ اور صوبے کے عوام سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے متعدد دہشت گردانہ واقعات کا سامنا کرتا آیا ہے، تاہم ان واقعات کے باوجود شیعہ سنی اتحاد اور علما کے درمیان باہمی تعلقات کمزور نہیں ہوئے۔

بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گرد عناصر کی ایسی کارروائیاں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو متاثر نہیں کر سکتیں بلکہ دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے باہمی اتحاد کو مزید مضبوط کریں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha