3 ستمبر 2026 - 14:52
انتونیو گوتریس کے بیان پر ایرانی وزارت خارجہ کا رد عمل سامنے آگیا

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے قیام کے مقصد کو صرف بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ روکنے تک محدود کرنا گمراہ کن اور خطرناک تشریح ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے قیام کے مقصد کو صرف بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ روکنے تک محدود کرنا گمراہ کن اور خطرناک تشریح ہے۔

بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل ڈاگ ہیمرشولڈ نے خبردار کیا تھا کہ عالمی ادارے کو بڑی طاقتوں کی سفارت کاری کے لیے محض کانفرنسیں منعقد کرنے والی مشین نہیں بننا چاہیے بلکہ اسے چھوٹی ریاستوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ایک متحرک ادارے کے طور پر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کے کردار کو صرف بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ روکنے تک محدود کردیا جائے تو اس سے اقوام متحدہ کے ارکان کی اکثریت ہی غیر متعلق نظر آنے لگتی ہے اور تقریباً ہر جنگ کو جواز فراہم کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی ترجمان کے مطابق ایسی تشریح اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں اور مقاصد کو بے معنی کرنے کے ساتھ ساتھ بڑی طاقتوں کی جانب سے دوسرے ممالک کے خلاف کی جانے والی جارحیت اور جرائم پر پردہ ڈالنے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

بقائی نے سوال اٹھایا کہ اس معیار کے تحت کوریا، ویتنام، کانگو، عراق، افغانستان، یمن، سوڈان اور غزہ میں ہونے والی جنگوں اور جرائم کو بھی کامیابی قرار دینا پڑے گا، کیونکہ یہ جنگیں بڑی طاقتوں کے درمیان براہِ راست نہیں ہوئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha